پولیومرض کاخاتمہ حکومت کیلئے ایک چیلنج ہے ،سردارمہتاب،

اس مرض کاخاتمہ چاہتے ہیں، ہمارے قوم کے مستقبل کا معاملہ ہے اور ہرقیمت پربچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں،گورنرخیبرپختونخوا

جمعرات 8 جنوری 2015 18:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 جنوری۔2015ء) گورنرخیبرپختونخوا سردارمہتاب احمدخان نے کہاہے کہ پولیومرض کاخاتمہ حکومت کیلئے ایک چیلنج ہے اور اس سے نبردآزماہونے کیلئے تمام تر ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے مزیدکہاہے کہ یہ ہمارے قوم کے مستقبل کا معاملہ ہے اور ہرقیمت پربچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں۔

گورنرنے کہاکہ حکومت بچوں کو اس مہلک مرض سے بچاؤکیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعرات کے روز گورنرہاؤس پشاور میں پولیو کے حوالے سے دی جانیوالی ایک بریفنگ کے دوران کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا اعظم خان،پرنسپل سیکرٹری برائے گورنرڈاکٹرفخرعالم، سیکرٹری صحت خیبرپختونخوا، سیکرٹری پی اینڈ ڈی فاٹااور ڈی جی ہیلتھ فاٹانے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری صحت کی جانب سے گورنرکو انسداد پولیو کے حوالے سے ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے متعلقہ حکام کو آئندہ نسل کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچانے کیلئے باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہاکہ انسداد پولیو مہم میں شریک اہلکاروں کو تمام ترسہولتیں اورسیکورٹی فراہم کی جائے تاکہ وہ بلاخوف اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے سکیں۔

گورنرنے کہا کہ اس صورتحال کا مقابلہ کرتے ہوئے ہمیں پولیو پر قابو پاکر قوم کے مستقبل کو محفوظ بناناہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ پولیو کا مرض ہمارے بچوں کا مقدر نہیں اور انہیں معذور ہونے سے بچانے کیلئے ہمیں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ انہوں نے مزید تاکید کی کہ انسداد پولیو کے لئے جاری اقدامات کو اور زیادہ موثربنانے کیلئے رابطے کے نظام کوبھی فعال بنایاجائے۔

متعلقہ عنوان :