تھر میں قحط، بیماریوں ، پانی کی قلت آج کے نہیں بلکہ سالوں پرانے مسائل ہیں ،نادر اکمل لغاری

جمعرات 8 جنوری 2015 18:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 جنوری۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر سردار نادر اکمل خان لغاری نے کہا ہے کہ تھر میں قحط، بیماریوں ، پانی کی قلت آج کے نہیں بلکہ سالوں پرانے مسائل ہیں ، حکومت کا سولر وائر پلانٹ خوش آئند ہے مگر حکومت کا سینکڑوں زندگیوں کے چراغ بجھ جانے کے بعد ہوش میں آنا افسوسناک ہے ، صوبے کی عوام کو بھوک و افلاس سے باہر نکالنے کی منصوبہ بندی کے بغیر حکومت چلانا تشویشناک ہے ، حکومت پریشر کے بجائے خلوص نیت سے عوام کی خدمت کرتی تو آج سندھ کے ہر گھر کا چولہا جل رہا ہوتا۔

وہ سندھ کے مختلف اضلاع سے آئے وفود سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج سندھ کی عوام حکومت کی ناقص منصوبہ بندی اور مسائل کے حل میں عدم دلچسپی کی سزابھگت رہی ہے اور پیپلز پارٹی کو لاکھوں ووٹ دینے والی عوام آج اپنے فیصلے پر پشیمان ہیں کیونکہ سندھ حکومت صوبے میں بھوک و افلاس ، بے روزگاری، امن و امان ، تعلیم سمیت ہر شعبے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے تاہم ترقیاتی کاموں میں بھاری کمیشن وصول کرنے کے شعبے میں پوری طرح کامیاب ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی کارکردگی کو اب کسی آئینے کی ضرورت نہیں ، صوبے کی عوام اب اپنی قسمت کا فیصلہ کرچکے ہیں ، سندھ اور اس کی عوام کو ترقی یافتہ شہروں کی فہرست میں کھڑا کرینگے جہاں ہر گھر میں چولہا جلے گا اور کوئی شخص بھوکا نہیں سوئے گا۔

متعلقہ عنوان :