وارڈنز کو طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایک لیڈی ڈاکٹر اور 3میڈیکل کواڈینیٹر فرائض سرانجام دے رہے ہیں‘ سی ٹی او لاہور

جمعہ 9 جنوری 2015 17:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جنوری 2015ء) چیف ٹر یفک آفیسر لاہورطیب حفیظ چیمہ نے کہاکہ شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ وارڈنز کی فلاح وبہبود پر بھی بھر پور توجہ دی جارہی ہے،ٹریفک پولیس لائن ٹھوکر نیاز بیگ میں قائم ڈسپنسری میں ایک لیڈی ڈاکٹر قراةالعین تعینات ہیں جبکہ 3میڈیکل کواڈینیٹر بھی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں جو کسی بھی وارڈنز کے علاج معالجہ کیلئے خود ہسپتال جاکر ہر طرح کی سہولت مہیا کرواتے ہیں۔

ٹریفک پولیس لائنز ڈسپنسری میں وارڈنز کے4861مختلف میڈیکل ٹیسٹ ہوچکے ہیں جہاں انہیں ادویات بھی دی جارہی ہیں جبکہ تمام وارڈنز کے مرحلہ وار میڈیکل ٹیسٹ جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ وارڈنز کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے سمیت ان کیلئے تفریحی اور کھیلوں کا بھی باقاعدگی سے انعقاد کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

سی ٹی او نے کہا کہ ٹریفک پولیس لائن ٹھوکر نیاز بیگ میں قائم ڈسپنسری کی انچارج ڈاکٹر قراةالعین ہدایت کے مطابق ٹریفک وارڈنز کو معمول کی طبی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ روزانہ ایک سیکٹر سے 15ٹریفک وارڈنز کو ڈسپنسری بلاکراسکے بنیادی ٹیسٹ کررہی ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ وارڈنز کو ادویات کی فراہمی اور علاج معالجہ کی دیگر سہولیات بھی مہیا کی جارہی ہیں۔طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ صحت مند فورس ہی محنت ،لگن اور ذمہ داری سے عوام کی خدمت کا فریضہ ادا کرسکتی ہے،وارڈنز کیلئے تفریحی مواقع اور باقاعدگی سے کھیلوں کے مقابلوں کا اہتمام بھی تواتر سے کیا جا رہاہے ۔سی ٹی او نے وارڈنز کو ہدایت کی کہ شہریوں کی خدمت کو عبادت سمجھ کرادا کریں اور ٹریفک کی روانی کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کارلائیں۔