جنوبی پنجاب کے ترقی پذیر اضلاع کے علاقوں کیلئے موبائل ہیلتھ یونٹس فراہم کئے جائیں گے،صوبائی وزیرسوشل ویلفیئر،

حکومت نے شعبہ طب و تعلیم کیلئے ریکارڈ فنڈز فراہم کئے ہیں، سید ہارون سلطان بخاری، کم وسیلہ افراد کو طبی سہولیات و ادویات کی بلامعاوضہ فراہمی کیلئے 8ارب 75کروڑ روپے مختص

جمعہ 9 جنوری 2015 20:09

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جنوری 2015ء) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سید ہارون سلطان بخاری نے کہا کہ حکومت ہیلتھ انشورنس کارڈ سکیم شروع کرے گی جس کی بدولت کم آمدنی والے افراد سرکاری ہسپتالوں کے علاوہ بہترین نجی طبی اداروں میں بھی علاج کی مفت سہولت حاصل کر سکیں گے- کم وسیلہ افراد کوطبی سہولیات و ادویات کی بلا معاوضہ فراہمی کے لئے8ارب 75 کروڑ روپے فراہم کئے گئے ہیں جبکہ گردے کے مریضوں کے لئے ڈائلسز کی سہولت برقرار رکھتے ہوئے گزشتہ سال کی نسبت دگنا بجٹ 60 کروڑ روپے فراہم کئے گئے ہیں۔

ڈاکٹرز کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر پنجاب نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز و ویزیٹرز اور پیرامیڈکس کے کردار کو مزیدفعال بنایا جائے گا کیونکہ ہر 10 ہزار ماؤں میں سے 500 مائیں دوران زچگی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں،اسی طرح 1000 بچوں میں سے 77 بچے دوران پیدائش وفات پا جاتے ہیں - انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی سے کئی سماجی مسائل پیدا ہورہے ہیں اسی لئے حکومت نے عوام کو پاپولیشن ویلفیئر پروگرامز سے آگاہی اور مستفید ہونے کے لئے صوبہ میں 15 سو فیملی ویلفیئر سنٹرز ، 117 موبائل سروس یونٹس، 118 فیملی ہیلتھ کلینک، 1456 سوشل موبلائزرزودیگر سہولیات کی خدمات فراہم کی ہیں - انہوں نے کہا کہ حکومت نے ماں اور بچوں خصوصاً نوزائیدگان کی صحت اور انہیں جدید طبی سہولتیں دینے کے لئے مختلف ڈونر اداروں کے تعاون سے کئی منصوبوں کا آغاز کیا ہے اور نوزائیدہ بچوں کوطبی سہولیات وادویات کی بلاتعطل فراہمی کے لیے 1.80۔

(جاری ہے)

ارب رو پے کے فنڈزجبکہ صوبہ میں بچوں کے نئے تین ہسپتال قائم کرنے کے لئے12ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہاہے کہ صوبائی حکومت نے ملینیم ڈویلپمنٹ اہداف حاصل کرنے کے لئے شعبہ صحت اور تعلیم کے لئے ریکارڈ فنڈز فراہم کئے ہیں جبکہ ترقی پذیر اضلاع خصوصا جنوبی پنجاب کے علاقوں کے لئے موبائل ہیلتھ یونٹس فراہم کئے جائیں گے-(

متعلقہ عنوان :