حکومت بچوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے‘مجتبیٰ شجاع الرحمن

اتوار 11 جنوری 2015 16:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 11جنوری 2015ء ) وزیرایکسائز وٹیکسیشن ،قانون و خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور حکومت بچوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا تے ہوئے بچوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لئے حفاظتی ٹیکے لگانے اور ویکسین کی فراہمی پر خطیر رقم خرچ کئے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کوادویات وتشخیص کے لیے 1.80۔ارب رو پے کے فنڈز فراہم کئے ہیں جبکہ صوبہ میں بچوں کے نئے تین ہسپتال قائم کرنے کے لئے12ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی سے صحت اور کئی سماجی مسائل پیدا ہورہے ہیں اسی لئے حکومت نے عوام کو پاپولیشن ویلفیئر پروگرامز سے آگاہی اور مستفید ہونے کے لئے صوبہ میں 15 سو فیملی ویلفیئر سنٹرز ، 117 موبائل سروس یونٹس، 118 فیملی ہیلتھ کلینک، 1456 سوشل موبلائزرزودیگر سہولیات کی خدمات فراہم کی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر پاکستان دنیا میں آبادی کے لحاظ سے چھٹا بڑا ملک بن گیا ہے اور پنجاب کی آبادی 29 سال بعدجبکہ لاہور کی آبادی 20 سال بعد دوگنی ہو جائے گی-مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ پولیو کے علاوہ حفاظتی ٹیکوں کی مہم کے دوان بچوں کو9 مہلک بیماریوں ،ٹی بی،پولیو خناق ،کالی کھانسی،تشنج،ہیپا ٹائٹس،گردن توڑ بخار، نمونیہ اور خسرہ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے ہیلتھ سنٹرز،ہسپتالوں اور موبائل ٹیموں کے ذریعے بلا معاضہ لگائے جا تے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نیکم وسائل رکھنے والے لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات وادویات کی فراہمی کے لئے 8ارب75 کروڑ روپے اور گردے کے مستحق مریضوں کے لئے بلامعاوضہ ادویات و ڈائلسز کی سہولت کے لئے 60 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذرا سی غفلت اور حفاظتی ٹیکے بروقت نہ لگانے سے تقریبا ساڑھے سات لاکھ پاکستانی بچے ہر سال مختلف بیماریوں کا شکار ہو کر یا تو زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں یا عمر بھر کی معذوری کا روگ لگ جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 4 ارب روپے کی خطیر رقم سے ہیلتھ انشورنس کارڈ کا اجراء کیا جائے گا جس کی بدولت کم آمدنی والے افراد نہ صرف سرکاری بلکہ بہترین نجی طبی اداروں میں بھی سٹیٹ آف دی آرٹ صحت کی سہولتیں حاصل کر سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :