سندھ‘شوگر ملوں نے دوبارہ کرشنگ شروع کردی

پیر 12 جنوری 2015 13:33

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 جنوری 2015ء)سندھ میں تمام شوگر ملوں نے دوبارہ گنے کی کرشنگ شروع کردی ہے۔ملوں کی چار روزہ ہڑتال کے دوران کراچی میں ہول سیل سطح پر چینی کی قیمت 2 روپے اضافے سے 51 روپے 50 پیسے فی کلو ہوگئی۔ترجمان شوگر ملز ایسوسی ایشن سندھ زون کے مطابق 4روزہ ہڑتال کے بعد صوبے میں تمام شوگر ملوں نے گنے کی کرشنگ دوبارہ شروع کردی ہے۔

ملرز کا کہنا ہے کہ فی الحال آبادگاروں سے 155 روپے فی من کے حساب سے گنا لیاجائے گا جبکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد 182 روپے من کا ریٹ دینے کا سوچا جائیگا۔

(جاری ہے)

ادھر آباد گاروں نے بھی اپنا احتجاج ملوں کی جانب سے کرشنگ شروع کرنے کے بعد روک دیا ہے۔ نائب صدر سندھ آبادگار بورڈ محمود نواز شاہ نے بتایا کہ شوگر ملوں کی جانب سے گنے کی خریداری کے بعد سندھ میں گنے کی کٹائی کا دوبارہ آغاز کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مل مالکان نے اگر دوبارہ ملیں بند کیں تو احتجاج کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیں گے۔ ملوں کا مقابلہ سپریم کورٹ میں بھی کرینگے اور 182 روپے من کے حساب سے بقایات جات بھی لینگے۔ دوسری جانب ہول سیلرز کا کہنا ہے کہ شوگر ملوں کی چار دن کی ہڑتال کے دوران کراچی ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 2 روپے مہنگی ہوکر 51 روپے 50 پیسے فی کلو تک جاپہنچی ہے۔