غریب کو انصاف کی فراہمی اور استحصالی طبقہ سے نجات کے لیے ایم کیو ایم کی جدوجہد جاری رہے گی‘طاہر کھوکھر

پیر 12 جنوری 2015 15:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 جنوری 2015ء) ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر،جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ غریب کو انصاف کی فراہمی اور استحصالی طبقہ سے نجات کے لیے ایم کیو ایم کی جدوجہد جاری رہے گی،آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں رکنیت سازی کے بعد ایم کیو ایم پورے آزادکشمیر میں بھرپور سیاسی سرگرمیوں کاآغاز کرتے ہوئے ہر سطح پر غریب اور متوسط طبقات کے عوام کے حقوق کیلئے آوازبلند کرے گی اور عوام کو روایتی استحصالی سیاستدانوں سے نجات دلائی جائے گی۔

کارکنوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے طاہرکھوکھر نے کہا کہ ایم کیو ایم واحد جماعت ہے جس نے کبھی بھی زبانی دعووں ، ہوائی اعلانات کا سہارا لے کر عوام کو بیوقوف نہیں بنایا۔

(جاری ہے)

ہم نے متوسط اور غریب طبقہ کی قیادت سامنے لانے کے لیے، غریبوں کو ان کے حقوق دلانے کے لیے، فرسودہ استحصالی نظام کے خاتمہ کے لیے ہزاروں کارکنوں کی قربانیاں دی ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ آج متحدہ قومی موومنٹ ملک کے ہر کونے میں مقبولیت حاصل کر رہی ہے اور غریب، متوسط، پسے ہوئے اور محکوم طبقات ایم کیو ایم اور قائد تحریک الطاف حسین کو اپنا نجات دہندہ سمجھتے ہیں۔ طاہر کھوکھر نے کہا کہ 60 سالہ فرسودہ، کرپٹ سیاسی کلچر کا خاتمہ پلک جھپکنے میں ممکن نہیں۔ استحصالی طبقہ نے غریب عوام کا خون چوسنے کے لیے نظام کو مکمل طور پر اپنی گرفت میں لے رکھا ہے اور ان کے شکنجے بہت گہرے ہیں۔

صرف اعلانات اور دعوؤں سے نظام تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ اس کے لیے صبر، استقامت اور طویل جدوجہد کی ضرورت ہے۔ ایم کیو ایم اپنے مشن اور نظریات کے لیے ہزاروں شہداء کے خون کا نذرانہ پیش کر چکی ہے اور قربانیوں کا یہ سلسلہ منزل کے حصول تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج ایم کیو ایم ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ‘ سینٹ اقتدار کے ایوانوں میں غریب اور متوسط طبقات کی نمائندگی کر رہے ہیں لیکن چونکہ اسمبلیوں میں مراعات یافتہ طبقات کے نمائندگان کی اکثریت ہے اس لئے ان کی آواز نہیں سنی جارہی - انہوں نے کہاکہ آزادکشمیرمیں قائد تحریک الطاف حسین بھائی کاپیغام گھر گھرپہنچانے کیلئے کارکن محنت کریں ‘ آزادکشمیرکے عوام سیاسی شعور رکھتے ہیں اور وہ روایتی سیاسی کلچر سے اکتا چکے ہیں بحیثیت وزیرٹرانسپورٹ انہوں نے جب مراعات یافتہ کے مفادات کے خلاف جدوجہد کی تو عوام نے ان کا ساتھ دیاجس کیلئے وہ ان کے شکر گزار ہیں -انہوں نے کہاکہ قائد تحریک نے انہیں آزادکشمیر میں عوام کی خدمت کیلئے بھیجا ہے اور وہ اپنی تمام صلاحیتیں عوام کی خدمت پر صرف کر رہے ہیں انہوں نے عوامی حقوق کی آواز ہر فورم پر بلند کی اور کبھی اقتدار کی پروا نہیں کی حکومت میں رہتے ہوئے بھی عوام کے حقوق کیلئے اپوزیشن کا کردار ادا کیا اور ہر فورم خواہ وہ اسمبلی ہویا کابنیہ عوام کے حقوق کی آواز بلند کی اور کرپشن کی نشاندہی کی- انہوں نے کہاکہ عوام خودبھی کردار اداکریں تبدیلی صرف نعروں سے نہیں آئے گی بلکہ اس کیلئے عوام کو کچھ قربانیاں بھی دینا پڑیں گی اور جدوجہد کرنا ہوگی-

متعلقہ عنوان :