جنرل ہسپتال ،کار پارکنگ اور کنٹین ٹھیکیدار سے عملے کے کوائف دو دن میں طلب ،

نرسنگ سکول ایل جی ایچ میں دوران درس و تدریس تمام غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ، حفاظتی انتظامات میں کسی افسر یا عملے کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ‘ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر انجم حبیب

پیر 12 جنوری 2015 21:45

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جنوری2015ء) پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے جنرل ہسپتال کے سیکورٹی انتظامات مزید بہتر بنانے کے لئے ادارے کے اندر اور احاطہ کے ارد گرد کڑی نگاہ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کار پارکنگ اور کنٹین کے ٹھیکیداروں کو اپنے عملے کے کوائف دو دن میں انتظامیہ کے پاس جمع کرانے کا حکم دیا ہے تاکہ ان کی پولیس حکام سے تصدیق کروائی جا سکے ۔

پرنسپل نے جنرل ہسپتال سے منسلک نرسنگ سکول میں دوران درس و تدریس تمام غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی لگا دی ہے جس پر فوری عملدرآمد ہو گا ۔پروفیسر انجم حبیب نے کہا کہ پنجاب حکومت کی سیکورٹی پالیسی کے مطابق ادارے کے تمام ملازمین دفتری کارڈ اویزاں کریں اور حفاظتی انتظامات کے حوالے سے پہلے سے جاری ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایم ایس جنرل ہسپتال اور ایڈیشنل ڈین پی جی ایم آئی کو اداروں کے عقبی حصوں کی سیکورٹی اور گارڈ کو چوکنا رکھنے کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے اور تمام شعبوں کے انچارج صاحبان کو تحریری طور پر اس امر کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ ماتحت عملے کی نگرانی کریں اور ان کی نقل و حرکت پر نگاہ رکھیں اور دفتری اوقات کے دوران ان سے ملاقات کرنے والوں کا ریکارڈ مرتب کریں ۔ پروفیسر انجم حبیب نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں ایل جی ایچ اور پی جی ایم آئی میں حفاظتی انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور اس ضمن میں کسی آفیسر یا عملے کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔