مریضوں کو بیماریوں سے پاک صحتمندخون کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کا ترمیم شدہ مسودہ قانون تیار ،

محکمہ قانون سے پڑتال کرانے کے بعد ڈرافٹ منظوری کے لئے اسمبلی کے اجلاس میں پیش کر دیا جائے گا‘مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق

پیر 12 جنوری 2015 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جنوری2015ء ) صوبے میں محفوظ انتقال خون اور مریضوں کو بیماریوں سے پاک صحت مندخون کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کا ترمیم شدہ مسودہ قانون تیار کر لیا گیا ۔ڈرافٹ لاء کی محکمہ قانون سے پڑتال کرانے کے بعد پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کر دیا جائے گا۔یہ بات مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کے ترمیمی مسودہ قانون کی شقوں پر غوروخوض کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک،جرمنی کے ادارےGIZ کے کنسلٹنٹ پال کوہرٹ ، BTA کے سیکرٹری ڈاکٹر جعفر سلیم، ہیماٹولوجسٹ ڈاکٹر جویریا، محکمہ صحت کے لاء آفیسرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نئے مسودہ قانون کے بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ مجوزہ مسودہ قانون پر مزید غور کے لئے بی ٹی اے کے بورڈ کے ٹیکنیکل ممبران کا فوری اجلاس 13 جنوری بروز منگل کو بلایا جائے تاکہ ٹیکنیکل ممبران ایک مرتبہ مسودہ قانون پر مزید سوچ بچار کرکے اس کو فائنل شکل دے دیں۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ صوبے میں غیر معیاری،غیر قانونی اور بنیادی سہولیات کے بغیر کام کرنے والے بلڈ بنکس کے خلاف قانونی شکنجہ تنگ کرنے کے لئے سخت قانونی سازی کی جائے گی تاکہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کو قرار واقعی سزا دی جا سکے اور اس راستے میں قانونی موشگافیاں رکاوٹ نہ بنیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کے لئے مسودہ قانون کی تیاری کے سلسلہ میں تکنیکی معاونت پر جرمنی کے ادارے جی آئی زیڈ کے کنسلٹنٹ مسٹر پال کوہرٹ کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر پال کوہرٹ نے بتایا کہ بی ٹی اے کی طرف سے نامزد کرہ بلڈ انسپکٹرز،ہیماٹولوجسٹس اور ضلع کی سطح پر مقرر کردہ فوکل پرسن کو ٹریننگ دینے کے لئے رومانیہ سے ڈاکٹر الینہ(Dr. Aleena) فروری میں لاہور آرہی ہیں جو ماسٹر ٹرینرز کو ٹریننگ دیں گی۔

متعلقہ عنوان :