پنجاب کے ہائی رسک اضلاع میں پولیو کی خصوصی مہم جاری رکھنے کا فیصلہ،مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق

منگل 13 جنوری 2015 17:50

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 جنوری 2015ء) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ انسداد پولیو کے حوالے سے ویکسینیشن کوریج کا مطلوبہ ٹارگٹ حاصل نہ کرنے والے اضلاع کے ڈی سی اوز اور ای ڈی اوز ہیلتھ سے باز پرس کی جائے گی اور خراب کارکردگی کے سلسلہ میں ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی پولیو کے خاتمہ کے لیے تمام سٹیک ہولڈر اداروں کو واضح ہدایات ہیں اور اس اہم مسئلہ پر کوئی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بات منگل کے روز ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ کے آفس میں پولیو ایمرجنسی آپریشن سنٹر میں صوبے میں پولیو کی موجودہ صورتحال بارے ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈیرہ غازی خان میں9ماہ کی بچی پراونہ دختر باز گل میں پولیو وائرس کی تصدیق کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور اس پر قابو پانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں2014کے دوران پولیو کے کل کیسوں کی تعداد4ہوگئی ہے جبکہ پورے ملک میں پولیو کے کل 303مریض رپورٹ ہوچکے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں رپورٹ ہونے والے تمام پولیو کیسز کا تعلق مائیگریٹ پاپولیشن سے ہے اور ڈیرہ غازی خان میں رپورٹ ہونے والی پولیو سے متاثرہ بچی پراونہ کا خاندان بھی نومبر 2014ء میں لورالائی بلوچستان سے نقل مکانی کر کے پنجاب آیا تھا اور یہاں بچی نے 10دسمبر 2014اور 5جنوری کو پولیو کے قطرے صرف 2 مرتبہ پیئے جو بچے میں پولیو وائرس کے خلاف قوت مدافعت پیداکرنے کے لیے ناکافی ہیں۔

اجلاس میں شریک عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر عبید السلام نے بتایا کہ بلوچستان میں2014ء کے دوران پولیو کے 29کیسز رپورٹ ہوئے۔ خواجہ سلمان رفیق نے ڈیرہ غازی خان میں رپورٹ ہونے والے پولیو کیس کے بارے مزید تحقیق کرنے اور پولیو وائرس کی جینٹک ٹائپ کا پتہ چلانے کی بھی ہدایت کی تاکہ معلوم ہوسکے کہ پولیو وائرس پنجاب میں پائے جانے والے وائرس سے مشابہ ہے یا اس کا تعلق کسی دوسرے علاقے سے ہے۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز، عالمی ادارہ صحت کے ڈاکٹر عبید السلام ،بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر اسلم چوہدری، ڈائریکٹر ہیلتھ (ای پی آئی)ڈاکٹر منیر احمد، یونیسف کے نمائندے اور دیگر ماہرین اور افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے ہائی رسک اضلاع اور یونین کونسلوں میں انسداد پولیو کی قومی مہم کے علاوہ خصو صی مہم (سپیشل کمپین) جاری رہے گی اور پولیو ٹیموں کا ہر بچے تک پہنچنے کا ٹارگٹ حاصل کرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔ خواجہ سلمان رفیق نے ڈی جی ہیلتھ کو ہدایت کی کہ متعلقہ اضلاع کے ای ڈی اوز ہیلتھ کو اس حوالے سے واضح احکامات جاری کئے جائیں اور فرائض میں کوتاہی کرنے والے افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :