صوبے کے تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان کوکسی بھی ہنگامی صورتحال کیلئے ایمرجنسی نمبرز فراہم کر دیئے گئے ہیں‘ ہارون سلطان بخاری

بدھ 14 جنوری 2015 16:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جنوری 2015ء)صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سید ہارون سلطان بخاری نے کہا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان کو تمام ایمرجنسی اداروں کے رابطہ نمبرز فراہم کرکے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ سے موٴثر رابطہ بحال کر دیا گیا ہے، سول ڈیفنس ریسکیو 1122اور مقامی پولیس کے اشتراک سے ضلع بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں کام کرنے والے سکیورٹی گارڈز کی تربیت کا پروگرام بھی شروع کیاگیاہے، حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کردہ تعلیمی اداروں کے سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے غفلت اور لاپرواہی کے مرتکب سرکاری سکولوں کے سربراہان اور نجی سکولوں کے مالکان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس امر کا اظہار انہوں نے لیہ میں واقع تعلیمی اداروں کی سکیورٹی اور چیکنگ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی سی او، تمام تحصیلوں کے افسران اور تعلیمی اداروں کے سربراہان بھی موجود تھے۔صوبائی وزیرسماجی بہبود سید ہارون سلطان بخاری نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملحقہ گزرگاہوں سے ناجائز تجاوزارت کا خاتمہ کیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ تعلیمی اداروں کے حوالے سے حکومت کی طرف سے جاری کردہ سکیورٹی پروٹوکول پر مکمل عملدرآمدکو یقینی بنائے۔انہوں نے کہاکہ سول ڈیفنس کا عملہ اور مقامی پولیس کے اہلکار روزانہ کی بنیاد پر تمام تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کا جائزہ لیں اور رپورٹ حکومت کوارسال کریں۔ انہوں نے کہاکہ غفلت کے مرتکب سکول مالکان اور سکیورٹی اہلکاران کے خلاف سخت اقدامات عمل میں لائیں۔بعدازاں صوبائی وزیرنے شہر کے مختلف سکول اور کالجوں کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کی چیکنگ کی۔