ضلع لورالائی میں پولیو مہم کے لئے انتظامات مکمل کرلئے گئے،

19تا 21جنوری کو 16یونین کونسلوں میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے

بدھ 14 جنوری 2015 21:39

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جنوری2015ء) ضلع لورالائی میں پولیو مہم کے لئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔19۔20اور 21جنوری کو ضلع لورالائی کے 16یونین کونسلوں میں پیدائش سے لے کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ 6یونین کونسلز میختر، طورتھانہ، چنہ علیزئی، لاکھی، جماء لنگ اور کچھ عمیزئی میں سیکورٹی خدشات کی وجہ سے 19جنوری کو پولیو مہم ملتوی کردی گئی ہے اور وہاں 22جنوری سے پولیو مہم شروع کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر لورالائی شاہ زیب کاکڑ، ضلعی منتظم صحت ڈاکٹر نصراللہ خان غلزئی نے اپنے دفتر میں پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نیشنل پروگرام کے ضیاء الحق غلزئی، سردار محمد درانی اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لورالائی میں پولیو مہم کے لئے ٹوٹل 174ٹیمیں بنائی گئی ہیں جس میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کی 49ٹیمیں اور مرد ہیلتھ ورکرز کی 125ٹیمیں شامل ہیں۔

8ٹرانزٹ اور 12فکسڈ پوائنٹس بنائے گئے ہیں جبکہ پیدائش سے کر پانچ سال تک کے عمر کے 66000بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض کے خلاف پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے تمام والدین، علماء کرام، طلباء، اساتذہ، قبائلی معتبرین اور دیگر لوگوں سے اپیل کی کہ وہ پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کے لئے پولیو ویکسین پلانے میں ہم سے تعاون کریں تاکہ اس موذی مرض کا خاتمہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی علاقے میں کسی بھی قسم کا مسئلہ ہو یا کوئی بھی اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرے تو پولیو کنٹرول سیل میں ڈپٹی کمشنر لورالائی کے دفتر کے نمبر 410981 پر رابطہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیموں کی حفاظت کے لئے فل پروف سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :