پمز میں سیکورٹی کیلئے 187 سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کاکام شروع،

تربیت یافتہ سیکورٹی اہلکار بھی تعینات کر دیئے گئے

بدھ 14 جنوری 2015 23:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جنوری2015ء)پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں سیکورٹی کیلئے 187 سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کاکام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ تربیت یافتہ سیکورٹی اہلکار بھی تعینات کر دیئے گئے ہیں‘ گمشدہ نومولود بچے کے واقعے کے بعد گائنی وارڈ میں بھی 6 سیکورٹی گارڈ کے علاوہ لیڈیز گارڈ اور نادرا بائیومیٹرک سسٹم بھی نصب کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی (لمز) کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکرم نے آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سانحہ پشاور کے بعد پمز کی سیکورٹی کیلئے خصوصی طور پر تربیت یافتہ گارڈز تعینات کئے گئے ہیں اس کے علاوہ 187 سی سی ٹی وی کیمرے ہسپتال کے حساس مقامات پر نصب کرنا شروع کر چکے ہیں جبکہ گزشتہ دنوں ‘نومولود بچے کی گمشدگی کے واقعے کے بعد گائنی ایمرجنسی اور وارڈ میں خصوصی طور پر 11 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے ہیں اس کے ساتھ ساتھ 6 سیکورٹی گارڈز اور لیڈیز گارڈ بھی تعینات کئے گئے ہیں اس کے علاوہ بائیومیٹرک سسٹم بھی لگا دیا گیا ہے جس کے بغیر اندر جانا ممکن نہیں ہو گا