محکمہ صحت نے 37ڈاکٹرز کو پوسٹ گریجوایٹ ٹریننگ کورسز میں شرکت کیلئے ڈیپوٹیشن کی منظوری دیدی

جمعرات 15 جنوری 2015 12:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 جنوری 2015ء) محکمہ صحت پنجاب نے پوسٹ گریجوایٹ ٹریننگ کورسز میں شرکت کیلئے صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں تعینات 37میڈیکل آفیسرز/ویمن میڈیکل آفیسرز کو ڈیپوٹیشن پر پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ جائن کرنے کی منظوری دیدی ہے اور مذکورہ ڈاکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر پرنسپل پی جی ایم آئی کو رپورٹ کریں۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری ہونے والے ٹوٹیفکیشن میں درج شرائط کے مطابق ڈیپوٹیشن پر جانے والے ڈاکٹرز اپنا ٹریننگ کورس ادھورا نہیں چھوڑیں گے بصورت دیگر ان کی تربیت پر اٹھنے والے سرکاری اخراجات جرمانے کے ساتھ وصول کئے جائیں گے ۔مزید براں پوسٹ گریجوایشن کی ٹریننگ مکمل کرنے کے بعد مذکورہ ڈاکٹرز کم از کم 3سال سرکاری ہسپتالوں میں خدمات سرانجام دینے کے پابند ہوں گے ۔علاوہ ازیں ٹریننگ کے دوران ڈاکٹرز خودکو کسی دوسرے پی جی ٹریننگ کورس میں رجسٹرڈ نہیں کراسکیں گے ۔دوران تربیت ڈاکٹرز پرائیویٹ پریکٹس نہیں کریں گے اور انہیں نان پریکٹسنگ الاؤنس دیا جائے گا اور زیر تربیت تمام WMOs/MOsکو تنخواہ اور الاؤنسز قانون کے مطابق ادا کئے جائیں گے۔