اسلام آباد ہائیکورٹ میں ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمان لکھوی کیس کی سماعت جسٹس نواز الحق ابن قریشی کی طبیعت ناسازی کے باعث ملتوی

جمعرات 15 جنوری 2015 14:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 جنوری 2015ء) اسلام آباد ہائیکورٹ میں ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمان لکھوی کیس کی سماعت جسٹس نواز الحق ابن قریشی کی طبیعت ناسازی کے باعث ملتوی ہو گئی جبکہ گزشتہ دو روز وفاقی حکومت کی استدعاء پر عدالت نے ممبئی حملہ کیس کے مکرزی ملزم ذکی الرحمٰن لکھوی کیس کی ان کیمرہ سماعت کی تھی۔ جمعرات کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمٰن کے خلاف سپریم کورٹ کے حکم وفاق کی جانب سے نظربندی کیس پر نظرثانی پر سماعت ہونا تھی جبکہ جج کے نہ ہونے کی وجہ سے آج سماعت نہ ہو سکی۔

گزشتہ دو روز وفاق کی استدعاء پر عدالت نے ذکی الرحمٰن لکھوی کیس کی سماعت ان کیمرہ کی۔ درخواست گزار کے وکیل راجہ رضوان عباسی اور وفاق کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل میاں عبدالرؤف‘ ایڈیشنل اٹارنی جنرل آف پاکستان افغان کریم کنڈی عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

ممبئی حملہ کیس کے ملزم کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے ضمانت منظور ہو گئی تھی اور حکومت نے 1 ماہ نظر بندی کے احکامات جاری کئے تھے اور درخواست گزار نے عدالت عالیہ سے رجوع کیا جس پر عدالت نے نظر بندی کے حکم کو معطل کرتے ہوئے رہائی کے احکامات جاری کئے تھے جبکہ ملزم ذکی الرحمان کی متفرق درخواستیں بھی عدالت عالیہ میں زیر التواء ہیں۔