لال مسجد آپریشن، پمز انتظامیہ نے شعبہ بیرونی مریضاں خالی کرا کر 300 سے زائد چارپائیاں بچھا دیں

پیر 9 جولائی 2007 19:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9جولائی۔ 2007ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں لال مسجد کیخلاف آپریشن کے بعد ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پمز ہسپتال کی انتظامیہ نے شعبہ بیرونی مریضاں مکمل طور پر خالی کروا کر وہاں تین سو سے زائد چارپائیاں بچھا دیں، ہسپتال کے عملے کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی اور ہسپتال کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پمز انتظامیہ نے وزارت داخلہ کی ہدایت پر پیر کی صبح ہنگامی طور پر او پی ڈی خالی کروا کر تین سو سے زائد چارپائیاں اور بسترے بچھا دیئے۔ اعلیٰ حکام نے سٹاف کی خصوصی ڈیوٹیاں لگا دیں اور تمام عملے کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ او پی ڈی بند ہونے کے باعث اسلام آباد کے گردونواح سے آنے والے سینکڑوں مریض خوار ہوتے رہے۔ ہسپتال کی سیکورٹی میں بھی اضافہ کر دیا گیا اور ہسپتال کے داخلی و خارجی راستوں پر پنجاب پولیس اور اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔ پمز کے اعلیٰ حکام نے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ایمبولینسز کو بھی تیار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ بعد ازاں دن کے وقت او پی ڈی سے چارپائیاں اٹھا کر سٹور میں رکھوا دی گئیں۔