نجی کلینک بنانے کے لئے بلا سود قرضہ کی حد 15 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ کرنے کا فیصلہ ،

پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن خواتین ڈاکٹرز کو نجی کلینک بنا نے میں خصوصی ترجیح دے گی ، شادی کے بعد ملازمت نہ کرنے والی لیڈی ڈاکٹرز اپنے علاقے میں کلینک بنا کر خواتین اور بچوں کے علاج پر توجہ دیں ،نجی میڈیکل کالجز کے ساتھ نرسنگ سکولز کھولنے میں PHF تعاون کے لئے تیار ہے ، خواجہ سلمان رفیق

جمعرات 15 جنوری 2015 22:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جنوری2015ء) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ شادی شدہ لیڈی ڈاکٹرز جو ملازمت کا پیشہ اختیار نہیں کرتیں وہ اپنے گھر کے قریب پرائیویٹ کلینک بنا کر خواتین اور بچوں کے صحت کے مسائل حل کرنے میں نمایاں کردار ادا کر سکتی ہیں - اس سلسلہ میں پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن ان کی بھر پور حوصلہ افزائی کرے گی ،انہوں نے یہ بات پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 15 ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی -اجلاس میں سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک ، ایم ڈی فاؤنڈیشن اظہار احمد شیخ ، ایڈیشنل سیکرٹری ( آئی اینڈ سی ) ایم نعیم غوث ، اسسٹنٹ چیف پلاننگ آفیسر ( ہیلتھ ) پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ عظمیٰ حفیظ ، ایڈیشنل سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر میڈم زرین ، پروفیسر عیس محمد ( غیر سرکاری ممبر) محکمہ سوشل ویلفیئر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ،اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ تربیت یافتہ نرسز کی کمی کو پورا کرنے کے لئے نجی میڈیکل کالجوں کو نرسنگ سکول کھولنے کے لئے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے - سیکرٹری صحت نے ہدایت کی کہ نجی میڈیکل کالجوں کے مالکان سے رابطہ کر کے ایک فزیبلٹی رپورٹ تیار کی جائے تاکہ اس بات کا اندازہ کیا جا سکے کہ ہر کالج کتنی نرسوں کی تعلیم و تربیت کے انتظامات کرنے کی کتنی کیپسٹی ہے تاکہ اس کے مطابق پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن قرضہ حسنہ دینے کے بارے کوئی فیصلے کر سکے ،خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اکثر خواتین ڈاکٹرز شادی کے بعد ڈاکٹری پیشہ کو خیر باد کہہ دیتی ہیں اور سرکاری یا نجی ملازمت میں نہیں آتیں - انہوں نے ہدایت کی کہ ایسی شادی شدہ خواتین ڈاکٹرز سے رابطہ کر کے انہیں اپنا کلینک قائم کرنے کے لئے ترغیب دی جائے اور سپیشل پیکیج کے تحت ایسی خواتین ڈاکٹرز کو PHF سے قرضہ دیا جائے تاکہ وہ اپنے گھر یا قریبی جگہ پر کلینک قائم کر کے اپنی کمیونٹی کی خدمت کر سکیں - انہوں نے کہا کہ صوبے کے جنوبی اضلاع میں لیڈی ڈاکٹرز کی اشد ضرورت ہے اور ایسے دور دراز علاقوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ،سیکرٹری صحت نے کہا کہ پوسٹ گریجوایٹ کرنے والی نرسز کو سٹائی پینڈ (Stipend) دینے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا جائے - انہوں نے کہا کہ پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن سے ڈاکٹرز کو قرضہ جات دینے کا بنیادی مقصد صحت کی سہولیات میں اضافہ کرنا ہے - انہوں نے ایم ڈی پی ایچ ایف کو ہدایت کی کہ نجی میڈیکل کالجوں کی انتظامیہ کو نرسنگ سکولز کھولنے کے سلسلہ میں خطوط تحریر کریں اور سلسلہ میں PHF قوائد و ضوابط کے مطابق ہر ممکن تعاون کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :