قدرتی آفات ،دہشتگردی سے متاثر ہونیوالے افراد کے نفسیاتی مسائل حل کرنے کیلئے ادارہ قائم کر دیا گیا‘ خواجہ سلمان رفیق ،

پراونشل سائیکولوجیکل ٹراما سینٹر پولیس، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں، اساتذہ، ڈاکٹرز، نرسز کو تربیت فراہم کرے گا ‘ مشیر صحت کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 16 جنوری 2015 18:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16جنوری۔2015ء ) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ قدرتی آفات، بڑے حادثات اور دہشت گردی کے واقعات میں متاثر ہونے والے افراد، بچوں اور خواتین کے نفسیاتی مسائل کے حل اور مینٹل ہیلتھ کے لئے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ نفسیات میں پراونشل سائیکولوجیکل ٹراما سنٹر قائم کر دیا گیا ہے ، نفسیاتی ماہرین سکول وکالجوں کے اساتذہ، ڈاکٹرز ، نرسز کے علاوہ میڈیا پرسن کیلئے بھی ٹریننگ ماڈیولز تیار کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے تشکیل کردہ صوبائی سٹیرنگ کمیٹی برائے سائیکو سوشل ٹراما کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی- اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سید مبشر رضا ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، سیکرٹری سکول ایجوکیشن، ایڈیشنل سیکرٹری ہوم، ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122، ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ(ٹیکنیکل) ڈائریکٹر جنرل پلاک(PILAC)، پروفیسر آفتاب آصف ہیڈ آف سائیکاٹری ڈیپارٹمنٹ KEMU، ایسوسی ایٹ پروفیسر آف سائیکاٹری ڈاکٹر علی مہدی ہاشمی، پروفیسر آفتاب قادر شعبہ نفسیات پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے علاوہ علامہ اقبال میڈیکل شعبہ نفسیاتی کی پروفیسر اور دیگر ماہرین نے شرکت کی- پروفیسر آفتاب آصف نے بتایا کہ صوبے کے پہلے سائیکالوجیکل ٹراما سینٹر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں تربیت کا آغاز کر دیا گیا ہے اور پہلے مرحلہ میں پولیس اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی تربیت کا آغاز 17 جنوری سے کیا جا رہا ہے - انہوں نے بتایا کہ یہ تربیت گروپوں کی شکل میں دی جائے گی- پروفیسر آفتاب آصف نے بتایا کہ ان اہلکاروں کو اس بات کی ٹریننگ دی جائے گی کہ حادثہ یا دہشت گردی کے فورا بعد متاثرہ افراد اور ان کے لواحقین کو کس طرح اچھے انداز میں ڈیل کرنا ہے اور متاثرہ افراد کا مورال کیسے بلند رکھنا ہے اور دیگر فوری نوعیت کے نفسیاتی مسائل سے آگاہی فراہم کی جائے گی- انہوں نے بتایا کہ سائیکوٹراما سینٹر سکول اور کالجوں کے اساتذہ اور ہسپتالوں کے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی تربیت کے لئے بھی ٹریننگ ماڈیولز تیار کر کے حکومت کو جلد پیش کر دے گا جس کے بعد مذکورہ شعبہ کے افراد کی ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا-پروفیسر آفتاب نے کہا کہ دیگر ممالک میں بڑے حادثات اور دہشت گردی کے واقعات کی میڈیا کوریج میں وہاں کے ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہیں اور اس بات کا فیصلہ کرتے ہیں کہ کون سی خبر یا پروگرام بچوں کو دکھانا ہے اور کون سا نہیں- پروفیسر آفتاب آصف نے کہا کہ بچو ں اور بڑوں کو نفسیاتی ٹراما سے بچانے اور مینٹل ہیلتھ کی خاطر بڑے حادثات اور دہشت گردی کے واقعات کی رپورٹنگ کرتے وقت ملکی ذرائع ابلاغ کو بھی ذمہ دارانہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے- انہوں نے کہا کہ پراونشل سائیکو ٹراما سینٹر ایسے افسوسناک واقعات کی کوریج کے لئے میڈیا سے وابستہ افراد کی تربیت کے لئے ٹریننگ ماڈیولز تیار کر کے دے سکتا ہے-خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں لاہور میں پراوانشل سائیکو ٹراما سنٹر قائم کر دیا گیا ہے -انہوں نے ہدایت کی کہ ملتان اور راولپنڈی میں بھی سائیکوسوشل ٹراما سنٹرز قائم کئے جائیں اور ان شہرو ں میں موجود میڈیکل کالجز اور دیگر تعلیمی اداروں کے شعبہ نفسیات سے اس سلسلہ میں مدد لی جائے - ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ نفسیات کے پروفیسروں اور دیگر ماہرین سے ملکر جلد از جلد ٹریننگ ماڈیولز کو حتمی شکل دے کر آئندہ اجلا س میں پیش کریں- خواجہ سلمان رفیق نے 15 دن بعد سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس دوبارہ بلانے کی ہدایت کی-

متعلقہ عنوان :