پشاور: سخت سیکیورٹی میں ایک روزہ انسداد پولیو مہم

اتوار 18 جنوری 2015 11:52

پشاور: سخت سیکیورٹی میں ایک روزہ انسداد پولیو مہم

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18جنوری۔2015ء) خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاورمیں ایک روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم چلائی جار ہی ہے۔مہم کے دوران 7لاکھ سے زائد بچوں کو پولیوسے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔اس دوران سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔محکمہ صحت کی جانب سے 4جنوری کو پشاور میں معطل کی جانے والی ایک روزہ خصوصی پولیو مہم 2ہفتے بعد دوبارہ شروع کی گئی ہے۔

پشاور کی 97یونین کونسلوں میں 5 سال سے کم عمر کے 7لاکھ سے زائد بچو ں کو پولیو سے بچاؤ کے قطر ے پلانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ مہم کے لیے 4ہزار ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں ہیں۔انسداد پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائیں گی۔ انسداد پولیو مہم کے لیے سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

شہر بھر میں دفعہ 144کے تحت موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد ہے جبکہ 6ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ 2014 میں ملک میں 297 پولیو کیس سامنے آئے تھے جن میں سے اکثریت خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں سے رپورٹ ہوئے۔2014 میں سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد گزشتہ 10 سال میں ساب سے زائد رہی ہے۔پاکستان میں رپورٹ ہونے والے 89 فیصد کیس خیبر پختونخوا اور فاٹا میں سامنے آئے ہیں، جو دنیا بھر میں سامنے آنے والے ایسے کیسوں کا 82 فیصد ہے۔

متعلقہ عنوان :