قومی ادارہ صحت کی ویرولوجی لیب نے ہفتہ کو 2015 کے پہلے پولیو کیس کی تصدیق کر دی

لیبارٹری میں 2014 کے کچھ ٹیسٹوں کے نتائج آنا باقی ہیں  پولیو کیسز کی تعداد بڑھنے کا خدشہ

اتوار 18 جنوری 2015 14:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 18جنوری 2015ء) قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی ویرولوجی لیب نے ہفتہ کو 2015 کے پہلے پولیو کیس کی تصدیق کر دی۔وزارت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز (این ایچ ایس) کے ایک عہدے دار نے بتایا اگرچہ نئے سال کا پہلا کیس سامنے آ چکا ہے تاہم اب بھی لیبارٹری میں 2014 کے کچھ ٹیسٹوں کے نتائج آنا باقی ہیں جس کی وجہ سے پولیو کیسز کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تین جنوری کو خیبر پختونخوا کے علاقے ٹانک میں ایک بچہ سے اکھٹے کیے جانے والے نمونہ میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کچھ ٹیسٹ ہو رہے ہیں اور ان کے بارے میں اگلے ایک ، دو ہفتوں میں تصدیق ہو جائیگی تاہم کچھ دوسرے کیسوں میں ضروری نمونے جمع کرنے کے بعد نتائج ایک مہینے میں آئیں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب، بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاوٴنڈیشن کے چار رکنی وفد نے پاکستان اور افغانستان کیلئے سینئر مشیرڈاکٹر وقار اجمل کی قیادت میں پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

ملاقات سے آگاہ ذرائع کے مطابق، خیبر پختونخوا کے سیکریٹری صحت شہرام خان تراکئی اور صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔وفد نے پولیو کے خلاف لڑائی میں پی ٹی آئی کی زیر قیادت صوبائی حکومت سے موثر انداز میں سرگرم ہونے کی درخواست کی کیونکہ پاکستان میں رپورٹ ہونے والے 89 فیصد کیس خیبر پختونخوا اور فاٹا میں سامنے آئے ہیں، جو دنیا بھر میں سامنے آنے والے ایسے کیسوں کا 82 فیصد ہے۔ایک افسر نے بتایا کہ جہانگیر ترین نے وفد کو صوبے میں پولیو کے خلاف لڑائی میں پی ٹی آئی کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :