ایف بی آرنے مقامی سطح پر ادویات کی تیاری میں استعمال ہونے والے فارماسیوٹیکل خام مال کو ٹیکس سے چھوٹ دینے کی منظوری دیدی

اتوار 18 جنوری 2015 19:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18جنوری۔2015ء)فیڈرل بورڈآف ریونیو(ایف بی آر)نے ملک میں مقامی سطح پر ادویہ کی تیاری میں استعمال ہونے والے فارماسیوٹیکل خام مال کو ٹیکس سے چھوٹ دینے کی منظوری دے دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فیڈرل ایف بی آر نے فارما سیوٹیکل خام مال کو ٹیکس سے چھوٹ دینے کے لیے نوٹیفکیشن کا مسودہ توثیق کے لیے لا ڈویڑن بھجوادیا ہے اور توقع ہے کہ لا ڈویڑن سے توثیق کے بعد چند روز میں باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق جیولری انڈسٹری کے فروغ کے لیے زیورات کے لیے استعمال ہونے والے خام مال پر بھی رعایت دی جارہی ہے جس کے لیے نوٹیفکیشن کا مسودہ لا ڈویڑن کو بھجوادیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چند روز میں دونوں نوٹیفکیشن جاری ہوجائیں گے اور فارما سیوٹیکل انڈسٹری کے خام مال کے لیے ٹیکسوں سے چھوٹ سے ملک میں دوا سازی کو فروغ ملے گا اور ادویہ کی قیمتوں کو بھی معمول پر رکھنے میں مدد ملے گی کیونکہ ادویہ کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام مال کو ٹیکس سے چھوٹ دینے سے ادویہ کی پیداواری لاگت میں کمی واقع ہوگی۔