حکومت ، عوام اور والدین ایک پیج پرہیں،حکومت تعلیمی اداروں کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریگی‘ سید ہارون سلطان بخاری

پیر 19 جنوری 2015 14:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء) صوبائی وزیرسوشل ویلفیئروبیت المال پنجاب سید ہارون احمد سلطان بخاری نے شہر کے مختلف سکولوں اور کالجوں کے سکیورٹی انتظامات کو چیک کیا۔اس موقع پر انہیں بتایاگیا کہ سی سی ٹی وی کیمرے کام کر رہے ہیں جبکہ باؤنڈری دیواروں کے علاوہ کالج کی عمارت کے اندر اور چھت کے اوپر بھی نئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیئے گئے ہیں۔

جبکہ کالج کی چھت پر چوکیوں کی تعمیر بھی کروا دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ طالب علموں کو ایمرجنسی کی صورتحال سے نبٹنے کی تربیت بھی دے دی گئی ہے۔ کالج کے طلباء نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ ان کے حوصلے بلند ہیں اور کالج انتظامیہ کی جانب سے انہیں دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کی تربیت دے دی گئی ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام انسانی جان و مال کی حفاظت کے معاملہ میں حکومت کا بھرپور ہاتھ بٹا رہی ہے اس سلسلے میں حکومت بھی انسانی جان و مال کی حفاظت کو اہمیت دے رہی ہے اور سکول سکیورٹی کے حوالے سے حکومت، عوام اور والدین ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ دہشت گردی ناقابل برداشت عمل ہے۔ دنیا کی ہر قوم دہشت گردی سے نفرت کر رہی ہے اور حکومت نے تہیہ کیا ہوا ہے کہ اس کا قلع قمع کرکے رہیں گے۔

انہوں نے طالب علموں سے کہاکہ وہ اپنی پڑھائی کو سکون کے ساتھ جاری و ساری رکھیں اور دہشت گردوں سے نبٹنے کیلئے کمربستہ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان ملک دشمنوں سے گھبرانے کی ضرورت نہیں اور اس وقت پوری قوم دہشت گردی کے خلاف یک جان ہے۔ ہمیں اپنے حوصلے بلند رکھتے ہوئے دہشت گردوں کو مضبوط پیغام دینا ہے کہ ہم متحد ہیں اور ان کا ڈٹ کر مقابلہ کرسکتے ہیں۔

سید ہارون احمد سلطان بخاری نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کی سکیورٹی حکومت کا اولین ایجنڈا ہے۔ اس حوالے سے 2ارب روپے سکولوں کی سکیورٹی کیلئے فراہم کر دیئے گئے ہیں اور حکومت کے غیرمعمولی انتظامات کے نتیجے میں والدین کو حوصلہ ملا ہے۔ طالب علموں نے اپنی پڑھائی شروع کرکے دہشت گردوں کو ایک مضبوط پیغام دیا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے یک جان ہے اور دہشت گردی کا ہمیشہ کیلئے قلع قمع کر دیا جائے گا۔انہوں نے مزیدکہاکہ دہشت گردی خواہ کسی صورت میں ہو، قبول نہیں۔ آزادی اظہار کی آڑ میں مسلمانوں کے مذہبی جذبات سے کھیلنے والے بھی دہشتگرد ہیں۔