آئی جی سندھ کا علاقہ اورنگی ٹاؤن کا خصوصی دورہ،پولیو ڈراپس ٹیم کی سکیورٹی ذمہ داریوں کے دوران شہید ہونے والے اسسٹنٹ سب انسپکٹر تبسم علی کے کرائم سین کا معائنہ کرکے سکیورٹی اقدامات سے متعلق تفصیلی آگاہی حاصل کی

پیر 19 جنوری 2015 17:25

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء) آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے علاقہ اورنگی ٹاؤن کا خصوصی دورہ کیا اور پولیو ڈراپس ٹیم کی سیکیورٹی ذمہ داریوں کے دوران شہید ہونے والے اسسٹنٹ سب انسپکٹر تبسم علی کے کرائم سین کا معائنہ کرتے ہوئے سیکیورٹی اقدامات سے متعلق تفصیلی آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے شہید پولیس افسر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی آپریشن کے ردعمل میں جرائم پیشہ عناصر ہمارے جوانوں کو قتل کررہے ہیں‘ پویس کی ٹارگٹ کلنگز میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا‘ ہمارے حوصلے بلند ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے تین روزہ پولیو ڈراپس مہم کی سیکیورٹی کے تحت تمام ایس ایچ اوز کو علاقہ گشت اور حفاظتی اقدامات کی مانیٹرنگ کا پابند کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بالخصوص پولیو مہم کے حوالے سے حساس علاقوں میں ضلعی ایس ایس پیز ناصرف اسنپ چیکنگ‘ پیٹرولنگ‘ پکٹنگ کو موثر بنائیں بلکہ ایڈوانس انٹیلی جینس کلیکشن وشیئرنگ کی بدولت بروقت انسدادی اقدامات کو بھی یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ پولیو ڈراپس مہم میں مصروف اسٹاف‘ لیڈی ہیلتھ ورکرز وغیرہ کی سیکیورٹی کیلئے تھانہ جات کی سطح پر پولیس کمانڈوز کو بھی ذمہ داریاں سونپی جائیں تاکہ گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو ویکسنیشن کی مہم کو کامیاب بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو ڈراپس مہم کے آغاز تا اختتام تمام تھانہ جات پولیو ٹیموں کو روٹس پر سیکیورٹی کی فراہمی کے ضمن میں متعلقہ حدود نہ صرف بحفاظت کراس کرائیں گے بلکہ اس سلسلے میں متعلقہ وائرلیس کنٹرول پر بھی باقاعدہ انٹری کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیوں کو مزید سخت اور کامیاب بنانے کیلئے پولیس افسران واہلکار انتہائی مستعد اور چوکنا رہتے ہوئے فرائض انجام دیں اور اس ضمن میں قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سے مربوط رابطوں اور خفیہ معلومات کی شیئرنگ اور فالو کرنے کے عمل کو مزید موثر بنائیں۔

متعلقہ عنوان :