حکومت خیبر پختونخوا طب اور ہومیوپیتھی طریقہ علاج کی مکمل سرپرستی کرے،حکیم عبدالوحید

پیر 19 جنوری 2015 21:26

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء)پاکستان طبی کانفرنس خیبر پختونخوا کے صدر اور قائم مقام امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا حکیم عبدالوحید نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ طب یونانی اور ہومیو پیتھی طریقہ علاج سے عوام الناس کو سستی، مفید اور موثر علاج معالجہ کی سہولت میسر ہوتی ہے اس لئے اس کی سرکاری سرپرستی اس طرح کی جائے جس طرح صوبہ پنجاب میں ہو رہی ہے اور وہاں پر تمام ہسپتالوں ، بی ایج یوزاور آر ایچ سی کی سطح پر حکیم اور ہو میو ڈاکٹر ز تعینات ہیں اور آبادی کا بہت بڑا حصہ ان سے اپنے امراض کا علاج کراتا ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے نصیر بابر اللہ میموریل ہسپتال کوہاٹ روڈ پشاور کے ایم ایس ڈاکٹر روح اللہ جان سے ملاقات کے دوران کیا۔یا د رہے کہ نصیراللہ بابر میموریل ہسپتال میں حکیم اور ہومیو پیتھی ڈاکٹرز کے لئے نئے کمروں کا بندوبست کیا گیا ہے تاکہ وہ سکون اور اطمینان کے ساتھ مریضوں کا معائنہ اور علاج کر سکیں۔

(جاری ہے)

حکیم عبدالوحید نے حکومت خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا اس طرح خیبر پختونخوا میں تمام بڑے ہسپتالوں سمیت تمام بی ایچ یوز، آر ایچ سی میں حکماء اور ہومیو پیتھی ڈاکٹرز کو تعینات کرے تاکہ خیبر پختونخوا کے لوگوں کو بھی سستے، موثر اور بے ضرر طریقہ علاج کی سہولت مل سکے۔

بعد ازاں حکیم عبدالوحید نے ڈاکٹر روح اللہ جان کے ہمراہ نصیر اللہ بابر ہسپتال کے فری یونانی ڈسپنسری کا افتتاح بھی کیا۔