شعبہ صحت میں اصلاحات کے پروگرام کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی ،میں خود باقاعدگی سے اس کا جائزہ لوں گا‘ محمد شہبازشریف،

معیاری طبی سہولتوں پر عوام کا حق ہے جوانہیں ہر صورت لوٹائینگے،اربوں روپے عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی پر صرف کیے جارہے ہیں، تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں سٹاف و ادویات کی دستیابی یقینی بنانے ،طبی آلات فنکشنل رکھنے بارے جامع منصوبہ بندی کی جائے، لاہور سمیت پنجاب میں قائم ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کو آوٴٹ سورس کیا جائے ‘ وزیراعلیٰ پنجاب کا ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب

منگل 20 جنوری 2015 20:44

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جنوری2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی معیاری اورجدید سہولتوں کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، شعبہ صحت میں انقلابی اصلاحات متعارف کراکے عوام کو صحت کی بہترین اورمعیاری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، معیاری طبی سہولتوں پر عوام کا حق ہے جو انہیں ہر صورت لوٹائیں گے، عوام کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کیے جارہے ہیں ،شعبہ صحت میں اصلاحات کے پروگرام کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی اور میں خود باقاعدگی سے اس کا جائزہ لوں گا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف منگل کے روز یہاں ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں شعبہ صحت میں اصلاحات کے حوالے سے قائم صوبائی سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری صحت نے شعبہ صحت میں اصلاحات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ صحت کی بہتری اورعوام کوجدید طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔

تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کی بہتری کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں سٹاف و ادویات کی دستیابی یقینی بنانے اورطبی آلات کو فنکشنل رکھنے کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی کی جائے۔ ہسپتالوں میں منظور شدہ آسامیوں پر ڈاکٹروں ،نرسوں اورپیرا میڈیکل سٹاف کی بھرتی کے حوالے سے شفاف طریقہ کار طے کیا جائے ۔

بھرتی کے طریقہ کارمیں شفافیت اور میرٹ یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کا موثر نظام بھی وضع کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں،نرسوں اورپیرا میڈیکل سٹاف کی تربیت کے حوالے سے پروگرام مرتب کیا جائے ۔سرکاری ہسپتالوں میں فری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کا میکانزم وضع کیا جائے ۔لاہور سمیت پنجاب میں قائم ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کو آوٴٹ سورس کیا جائے ۔

شعبہ صحت میں اصلاحات کے حوالے سے اہم اقدامات پر تیزرفتاری سے کام کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے حوالے سے کیے جانے والے اہم اقدامات کی مکمل مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق،پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت خواجہ عمران نذیر،اراکین اسمبلی رانا ثناء اللہ، قاضی عدنان فرید ،مخدوم ہاشم جوان بخت،ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا،چیف سیکرٹری ،چےئر مین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ سیکرٹری،طبی ماہرین اوراعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :