دہشت گردی کے خاتمے کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے‘ شہبازشریف،

نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں،پاکستان اور امن کے دشمنوں کو سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی، سانحہ پشاور پر آج بھی ہر دل زخمی ،ہر آنکھ اشکبار ہے،عصر حاضر کی تاریخ میں ایسی بربریت کی مثال نہیں ملتی‘ وزیر اعلیٰ کی منتخب نمائندوں سے گفتگو

منگل 20 جنوری 2015 20:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جنوری2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پشاور کے سکول میں بچوں کی شہادت پر آج بھی ہر دل زخمی اور ہر آنکھ اشکبار ہے، عصر حاضر کی تاریخ میں بربریت اور سفاکیت کے ایسے بدترین واقعہ کی مثال نہیں ملتی، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، قوم آج شہداء کے خون کے طفیل دہشت گردی کے خلاف متحد ہے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

وہ منگل کے روز یہاں منتخب نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاسی اتفاق رائے سے بنائے گئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ملک سے دہشت گردی ،انتہاء پسندی اورفرقہ واریت کا خاتمہ وقت کا تقاضا ہے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک افواج ، جرأت و بہادری اورقربانیوں کی نئی تاریخ رقم کررہی ہیں۔ پوری قوم ملک سے دہشت گردی کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معصوم انسانیت کو خون میں نہلانے والوں کا یوم حساب آن پہنچا ہے۔ پاکستان اور امن کے دشمنوں کو سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ پرعزم قوم کے اتحاد سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ضرور کامیاب ہونگے اور ملک کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنائیں گے۔