26جنوری سے خصوصی مہم کے دوران 6ماہ سے 10سال تک کے تمام بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے ،ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ

بدھ 21 جنوری 2015 21:45

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جنوری2015ء) ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر محمد اسلم شاہین نے کہا ہے کہ ضلع میں 26جنوری سے شروع ہونے والی خصوصی مہم کے دوران 6ماہ سے 10سال تک کے تمام بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے اور محکمہ صحت نے اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام اقدامات مکمل کرلیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خسرہ ایک خطرناک بیماری ہے اور بر وقت علاج نہ کروانے کی صورت میں بچہ نمونیا اور اسہال کے باعث موت کا شکار بھی ہو سکتا ہے ۔

انہوں نے ان خیالا ت کا اظہار خسرہ مہم کے حوالہ سے جناح ہال میں منعقدہ ایک آگاہی سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر منیر احمد،ڈ ی ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر توقیر نواز،چائلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹر عابد حسین بھٹی اور ڈاکٹر نصرت عباس شیرازی سمیت ڈاکٹروں،لیڈی ہیلتھ وزیٹرز،لیڈی ہیلتھ ورکرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں نے سیمینار میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اسلم شاہین نے کہا کہ اس مہم کے دوران ان بچوں کو بھی خسرہ کا حفاظتی ٹیکہ لگایا جائیگا جو حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اچھی صحت ہمارے بچوں کو ہم پر حق ہے اور اس حق کی ادائیگی ہمارا فرض ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فوکل پرسن ڈاکٹر توقیر نواز نے کہا کہ مہم کے دوران تین لاکھ 14ہزار568بچوں کو حفاظتی انجکشن لگائے جائینگے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے حفاظتی ٹیکوں کو شیڈول کے مطابق لگوانے کی ضرورت اور اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ والدین کا فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں کو قریبی مرکز صحت ،ہسپتال ،اور موبائل ٹیموں سے 9مہلک بیماریوں کے خلاف حفاظتی ٹیکے مفت لگوائیں۔

متعلقہ عنوان :