محکمہ صحت سرگودھا کو دیہی علاقوں کے بنیادی مراکز صحت میں میڈیکل افسران کی خالی سیٹوں پر تعیناتیوں میں پریشانی کا سامنا، انٹرویو کے بعد ایک بار پھر 23سیٹیں خالی ہی رہ گئیں

جمعرات 22 جنوری 2015 16:20

سرگودھا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 جنوری 2015ء) محکمہ صحت سرگودھا کو دیہی علاقوں کے بنیادی مراکز صحت میں میڈیکل افسران کی خالی سیٹوں پر تعیناتیوں میں پریشانی کا سامنا، انٹرویو کے بعد ایک بار پھر 23سیٹیں خالی ہی رہ گئیں جبکہ منتخب ڈاکٹرز بھی جوائننگ کیلئے ہجکچانے لگے ،گزشتہ روز مرد و خواتین میڈیکل افسران کی 40خالی آسامیوں پر امیدواروں کے انٹرویو منعقد کئے گئے ،انٹرویو کیلئے درخواستیں کرنے والے چوبیس امیدواروں میں سے بھی 5غیر حاضر تھے جبکہ 2امیدواروں کو مسترد کر کے 17مرد و خواتین ڈاکٹرز کو بھرتی کرنے کے ساتھ ساتھ موقع پر جائے تعیناتی کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے مگر دوردراز علاقوں کی وجہ سے کئی امیدواروں نے تاحال جوائننگ کیلئے مثبت جواب نہیں دیا، اور بعد میں بتانے کا کہہ کر چلے گئے ، جبکہ محکمہ صحت حکام کا کہنا ہے کہ تمام بنیادی مراکز صحت کی خالی آسامیوں پر بھرتی کے لئے دوبارہ درخواستیں وصول کی جائینگی۔