عالمی ادارہ صحت کے کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر مشل تھیرن کی مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے ملاقات

جمعہ 23 جنوری 2015 15:00

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جنوری 2015ء) پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کے کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر مشل تھیرن نے اپنے وفد کے ہمراہ مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز،پالیسی اینڈ سٹرٹیجک پلاننگ یونٹ کے ڈائریکٹر علی بہادر قاضی،ڈائریکٹر ہیلتھ (ای پی آئی)،ڈاکٹر منیر احمد اور عالمی ادارہ صحت کے ڈاکٹر یححی گلزار ،ڈاکٹر جمشید احمد،ڈاکٹر عامر اور ڈاکٹر آصف بھی موجود تھے۔

خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک نے عالمی ادارہ صحت کے وفد کے ساتھ صوبے میں پرائمری اور سکینڈری ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات اور مجوزہ ایکشن پلان کے بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری صحت نے گزشتہ ماہ لاہور میں سکینڈری ہیلتھ کیئر میں اصلاحات کیلئے ماہرین کی ورکشاپ منعقد کرانے پر عالمی ادارہ صحت کے تعاون پر کنٹری ڈائریکٹر مشل تھیرن کا شکریہ ادا کیا۔

خواجہ سلمان رفیق نے عالمی ادارہ صحت کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکینڈری ہیلتھ کیئر میں اصلاحات کیلئے منعقد کی گئی ورکشاپ کی سفارشات محکمہ صحت کو موصول ہو گئی ہیں اور ایکشن پلان مرتب کرتے وقت مذکورہ سفارشات کو مد نظر رکھا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی منظوری کے بعد ایکشن پلان WHOاور دیگر ڈویلپمنٹ پارٹنر زکے ساتھ شیئر کیا جائے گا ۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سکینڈری ہیلتھ میں اصلاحات کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کے انفراسٹرکچر کی تعمیر و مرمت،طبی آلات اور مشینری کی ریپئر اور دیگر امور کی درستگی کیلئے اربوں روپے کے فنڈز درکار ہوں گے۔اجلاس کے دوران پولیو کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا ۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب میں پولیو کے خاتمہ کیلئے سخت محنت اور جدو جہد کی جار ہی ہے اور انسداد پولیو مہم مسلسل جاری ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس کے لو سیزن سے فائدہ اٹھاتے ہوئے چاروں صوبوں میں پولیو کے خلاف بھر پور مہم چلانے کی ضرورت ہے اور ملک کے دیگر علاقوں میں پولیو وائرس کے ریزروائرز کی موجودگی میں صرف صوبہ پنجاب آئسو لیشن میں رہتے ہوئے پولیو کے مرض کو ختم نہیں کر سکتا ۔ عالمی ادارہ صحت کے کنٹری ڈائریکٹر مشل تھیرن نے پولیو کے خاتمہ کے سلسلہ میں حکومت پنجاب کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب نے پولیو کے خاتمہ کیلئے اگرچہ بہت جدوجہد کی ہے تاہم ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے ۔

مشل تھیرن نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت اور عالمی برادری کو پاکستان میں پولیو کیسز پر نہایت تشویش ہے ۔انہوں نے ایبولا وائرس کی روک تھام کے سلسلہ میں محکمہ صحت کی کاوشوں کی بھی تعریف کی ۔انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ اولین ترجیح ہونا چاہیے جس کیلئے ای پی آئی پر فوکس کرنے اور سخت محنت کی ضرورت ہے ۔انہوں نے انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشنز کیلئے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر زاہد پرویز کو فوکل پرسن مقرر کرنے پر حکومت پنجاب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب نے چاروں صوبوں میں اس سلسلہ میں لیڈ لے لی ہے ۔

عالمی ادارہ صحت کے ڈاکٹرجمشید احمدنے بتایا کہ WHO 6اضلاع میں 6ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز کو تربیت فراہم کر رہا ہے جبکہ قبل ازیں 6ہزار LHWsکی تربیت مکمل کی جا چکی ہے ۔خواجہ سلمان رفیق نے پولیو کے خاتمہ کیلئے قومی پالیسی کے سلسلہ میں وزیر اعظم پاکستان کی سربراہی میں ایک اجلاس منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیاتا کہ چاروں صوبوں میں انسداد پولیو کی کوششوں میں تیزی لائی جاسکے۔