گلوبل الائنس فارویکسی نیشن کی سینئر کنٹری منیجر کی مشیر صحت سے ملاقات

بدھ 28 جنوری 2015 17:46

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) گلوبل الائنس فار ویکسین اینڈ ایمونائزیشن ( گاوی کا اعلیٰ سطحی وفد جینوا سے اگلے ماہ لاہور آئے گا اور بچوں کے ٹیکوں کے حفاظتی پروگرام اور بیماریوں کی روک تھام کے اقدامات کے حوالے سے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور دیگر اعلی حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کرے گا ۔یہ بات سول سیکرٹریٹ میں گاوی کی سینئر کنٹری منیجر اینی زین کرونن کی مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق سے ملاقات میں بتائی گئی ۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹرزاہد پرویز، ڈائریکٹر ہیلتھ ای پی آئی ڈاکٹر منیر احمد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ خواجہ سلمان رفیق نے گاوی کی کنٹری مینجر کو پنجاب میں جاری انسداد خسرہ مہم کے بارے میں خصوصی بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں بچوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام ای پی آئی کی روٹین ایمونائزیشن کوریج کو 90 فیصد سے زائد تک لیجانے کے بارے میں حکومت پنجاب کی طرف سے کئے گئے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ صحت کے شعبے کی ترقی اور اس میں اصلاحات وزیر اعلی محمد شہباز شریف کا پیشن ہے اور وہ عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے دن رات کوشاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا بیماریوں کی روک تھام پر خصوصی فوکس ہے تا کہ معاشرے میں بیماریوں کے پھیلاؤ کو کنٹرول کر کے ہسپتالوں کے ورک لوڈ کو کم کیا جا سکے ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گلوبل الائنس فار ویکسین اینڈ ایمونائزیشن کا اعلی سطحی وفد 17 فروری کو جینوا سے لاہور پہنچے گا ۔ وفد پنجاب میں بچوں کی ایمونائزیشن کے اقدامات کا جائزہ لینے کے علاوہ محکمہ صحت پنجاب کے ساتھ اس سلسلے میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی صوبے کی اعلی شخصیات سے ملاقات کرے گا ۔ خواجہ سلمان فریق نے گاوی کی سینئر کنٹری منیجر سے گفتگو کرتے ہوئے بچوں کی ایمونائزیشن میں گرانقدر تعاون اور ویکسین فراہم کرنے پر گاوی کا حکومت کی جانب سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت پنجاب اپنے انٹرنیشنل پارٹنر کے تعاون سے بیماریوں کی روک تھام کے پروگرام کو کامیاب بنانے میں ضرور کامیاب ہو گی۔