الطاف حسین یونیورسٹی کسی ایک طبقہ یاکسی ایک زبان بولنے والوں کیلئے نہیں ،تمام طلبہ وطالبات کیلئے ہوگی چاہے وہ کوئی بھی زبان بولتے ہوں،الطاف حسین،

الطاف حسین یونیورسٹی میں کسی بھی زبان یاقومیت سے تعلق رکھنے والے افرادکے داخلے پرکوئی پابندی نہیں ہوگی جوبھی میرٹ پر پورااترے گاوہ داخلے کااہل ہوگا

بدھ 28 جنوری 2015 23:13

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ الطاف حسین یونیورسٹی کسی ایک طبقہ یاکسی ایک زبان بولنے والوں کیلئے نہیں بلکہ شہرکے تمام طلبہ وطالبات کیلئے ہوگی چاہے وہ کوئی بھی زبان بولتے ہوں۔ انہوں نے یہ بات منگل کی شب ایم کیوایم حیدرآباد کے زونل آفس پر زون کے ذمہ داروں سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہاکہ اعلیٰ تعلیم کاحصول ہرفردکاحق ہے اورکسی بھی طبقہ آبادی سے تعلق رکھنے والے طلبہ کواس حق سے محروم کرناسراسرزیادتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ کچھ متعصب عناصر نے حیدرآباد شہر میں یونیورسٹی قائم کرنے کی شدیدمخالفت کی لیکن اب نجی شعبہ کے زیراہتمام حیدرآبادمیں جویونیورسٹی قائم ہونے جارہی ہے اس میں کسی بھی زبان یاقومیت سے تعلق رکھنے والے افرادکے داخلے پرکوئی پابندی نہیں ہوگی بلکہ جوبھی میرٹ پر پورااترے گاوہ داخلے کااہل ہوگااورتعلیم حاصل کرے گا۔

(جاری ہے)

جناب الطاف حسین نے کہاکہ حیدرآبادمیں یونیورسٹی کاقیام حیدرآبادکے شہریوں کابرسوں کاپرانامطالبہ اور آرزوہے اوریہ امرخوش آئندامرہے کہ اب شہرمیں یونیورسٹی کاسنگ بنیادرکھاجارہاہے اوراس پر شہرکے عوام کی خوشی فطری ہے۔اس موقع پر زونل کمیٹی کے ارکان نے جناب الطاف حسین کوبتایاکہ حیدرآبادیونیورسٹی کاسنگ بنیادرکھنے کادن قریب آنے پر شہرکے عوام میں خوشی کی لہر دوڑی ہوئی ہے ۔