Live Updates

چوہدری محمد سرور کو آئینی کردار ادا نہیں کرنے دیا گیا ،استعفیٰ دراصل حکمرانوں کی نااہلی ہے ‘ عبدالعلیم خان،

اپنی کمزوریوں کا نزلہ دوسروں پر گرانا میاں براداران کا وطیرہ ہے ،حکومتی کارکردگی سوالیہ بن چکی ہے ‘ صدر پی ٹی آئی لاہور

جمعرات 29 جنوری 2015 21:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب چو ہدری محمد سرور کا استعفیٰ تازہ ہوا کا جھونکا ہے جو در حقیقت حکمرانوں کی نااہلی ،سیاسی تنگ نظری اور خاندانی حکومت کے پس منظر میں دیا گیا ہے حکومت کو آج یا کل اپنی ناکامیوں کا اعتراف کرنا ہوگا ، چوہدری محمد سرور کو بطور گورنر پنجاب اپنا آئینی کردار ادا نہیں کرنے دیا گیا اپنے ہی انتخاب چوہدری محمد سرور جو یقینا بے پایاں خوبیوں کے مالک ہیں، کے ساتھ نہ چل پانے والے میاں برادران دیگر سیاسی جماعتوں سے خاک سیاسی مفاہمت کرینگے اب حکومت کا ساتھ دینے والے دیگر سیاسی رہنماؤں کو بھی سو چنا ہو گا ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ چوہدری محمد سرور کو پنجاب کے عوام کیلئے پینے کے صاف پانی ،تعلیم ،صحت او ر انصاف کیلئے آواز بلند کرنے پر ناپسند کرنے والے حکمرانوں کا اپنا انجام قریب دکھائی دیتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حق تو یہ تھا کہ ملک کو بجلی ،گیس ،پٹرول اور دیگر بحرانوں میں مبتلا کرنے والے وفاقی وزراء سے استعفیٰ طلب کیئے جاتے لیکن اپنی کمزوریوں کا نزلہ بھی دوسروں پر گرانا "میاں برادران "کا وطیرہ ہے ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ دوسروں کی کارکردگی پر ہلکان ہونے والوں کی اپنی کارکردگی سوالیہ نشان بن چکی ہے جنہوں نے دو برسوں میں عوام کی مشکلات میں اضافہ کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی زندگی اجیرن بن چکی ہے جبکہ حکمران صرف سب اچھا کی رٹ لگانا چاہتے ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف موجودہ سیاسی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہی ہے اور ہم ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے اور حکمرانوں کی " اصل کارکرد گی "بے نقاب کر کے رہیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات