ڈاکٹر امجد انصاری کو وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ کی طرف سے ایوارڈ آف میرٹ دیا گیا

اتوار 1 فروری 2015 15:40

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1فروری 2015ء) ڈاکٹر امجد انصاری کو وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ کی طرف سے ایوارڈ آف میرٹ دیا گیا۔ پی سی لاہور میں منعقدہ انٹرنیشنل کانفرنس آف آکو پنکچر اینڈ آلٹر نیٹو میڈیسنز میں ڈاکٹر امجد انصاری کی پچھلے24سالوں میں آکو پنکچر طریقہ علاج کیلئے کی گئی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ آف میرٹ سے نوازا گیا۔

تین روز تک جاری اس بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی سیشن کی مہمان خصوصی وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ تھی ان کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق، وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے صحت کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الٰہی، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر طاہر پرویز اور وفاقی اور صوبائی حکومت کے نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کانفرنس کے چیئرپرسن ڈاکٹر شہزاد نے دنیا بھر میں آکوپنکچر اور آلٹر نیٹو میڈیسنز میں ہونے والی جدید تحقیق اور آنے والے وقت میں اس کی افادیت کے بارے میں روشنی ڈالی اور وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ گورنمنٹ آکو پنکچر طریقہ علاج کی سرپرستی کرے اور ترقی یافتہ ممالک کی طرح درد کے امراض بالخصوص کینسر کی درد کی روک تھام کیلئے آکو پنکچر کے ماہرین سے استفادہ حاصل کرے۔

ڈاکٹر امجد انصاری جو کہ ورلڈ کانگریس سائینٹیفک کمیٹی کے ممبر بھی ہیں اور دنیا بھر کے بیشتر ممالک میں بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں اور امراض درد کے موضوع پر دنیا کے مختلف ممالک میں تحقیقی مقالہ جات پیش کر چکے ہیں اور اس طریقہ علاج کو عوام الناس میں روشناس کرنے کیلئے پچھلے24سالوں سے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔