وفاق المدارس کے سرپرست اور عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے امیر مولانا عبدالمجید لدھیانوی سیمینار کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے،طبیعت کی خرابی کے باوجود اپنا خطاب اطمینان سے مکمل کیا

اتوار 1 فروری 2015 18:44

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔1فروری۔2015ء) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سرپرست اعلی اور عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی امیر مولانا عبدالمجید لدھیانوی اتوار کی دوپہر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سیمینار میں اپنے آخری خطاب کے بعد دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔ مرحوم وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سرپرست اعلی ہونے کے علاوہ عالمی مجلس ختم نبوت کے مرکزی امیر اور کہروڑ پکا میں ایک مدرسے کے مہتمم اعلی بھی تھے۔

مرحوم نے اپنی زندگی کا آخری خطاب اتوار کی دوپہر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیراہتمام وفاق کے دفتر گارڈن ٹاؤن ملتان میں واقع ان کی قیادت میں ”مدارس و مساجد کا تحفظ اور ہماری ذمہ داریاں“ کے حوالے سے منعقد ہونے والے سیمینار میں کیا۔

(جاری ہے)

مرحوم نے اپنے خطاب کے دوران بھی اپنی ناسازی طبع کا ظہار کیا تاہم علماء کرام کی موجودگی کے پیش نظر مرحوم نے اپنی ناسازی طبع کو پس پشت ڈال کر اپنا خطاب مکمل کیا۔

اس موقع پر موجود سینکڑوں علماء جوکہ جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں سے وہاں جمع ہوئے تھے‘ نے مرحوم کا آخری خطاب سنا اور بعدازاں ان کے انتقال کی خبر سن کر شدید غم اور دکھ میں مبتلاء ہوگئے۔ مرحوم کو دل کا دورہ پڑنے کے دوران فوری طور پر طبی امداد کیلئے کارڈیالوجی ہسپتال ملتان لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور انتقال کرگئے۔