سٹیٹ آف آرٹ طبی سہولتوں کی فراہمی حکومت کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

منگل 3 فروری 2015 15:40

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03فروی 2015ء) وزیر قانون، ایکسائز و ٹیکسیشن ، خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ پیرامیڈکس و نرسز اہم کردار ادا کرتی ہیں اور صوبہ میں نرسز کی 3 ہزار نئی آسامیاں منظور کی گئیں اور ان کے لیے 1.43 ارب روپے مختص کئے گئے ،ہیلتھ سینٹرز پر تمام عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جارہی جبکہ صوبہ کے دوردراز دیہی علاقوں میں ماں اور بچوں کی صحت کے لئے زچہ و بچہ سینٹرز کے قیام کے ساتھ ساتھ ان مراکز پر لیڈی ڈاکٹرز‘ لیڈی ہیلتھ ورکرز‘ تربیت یافتہ کمیونٹی مڈ وائفز و دیگر طبی سٹاف کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے گا،صوبہ میں ہیلتھ ریفارمز ، روڈ میپ اہمیت کا حامل ہے اور اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن مسائل مہیا کئے جائیں گے تاکہ حکومت کی صحت کے شعبہ میں اصلاحات کے نتیجے میں عوام کو معیاری سہولتوں کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔

(جاری ہے)

پیرا میڈکس ، نرسزاور پارٹی ورکرز کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت نے ہر سال صحت کے بجٹ میں اضافہ کیا ہے اورعوام کو صحت کی معیاری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے ادارے ڈیفٹڈ کے خصوصی نمائندے سرمائیکل باربرنے کہا کہ پنجاب میں شعبہ صحت میں ریفارمز کے نتیجے میں صحت نامہ کی سہولتوں میں بہتری آرہی ہے اور بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج بہتر بنانے پر بھی حکومت پنجاب کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔

مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صحت کی سٹیٹ آف دی آرٹ سہولتوں کی فراہمی کواپنے ایجنڈے میں سرفہرست رکھا ہے کم وسیلہ افراد کو صحت کی معیاری سہولیات و ادویات کی فراہمی کے لئے 8 ارب75 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماں و بچوں کی صحت کے منصوبوں کے لئے 1 ارب 80 کروڑ روپے فراہم کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 4 ارب روپے سے ہیلتھ انشورنس سکیم کا اجراء بھی کیا جارہا ہے جس سے کم آمدنی والے افراد سرکاری ہسپتالوں کے علاوہ بہترین نجی طبی اداروں میں علاج کی مفت سہولت حاصل کر سکیں گے۔