لاہور جنرل ہسپتال میں جدید سنٹرل ریسرچ لیب قائم کی جائے گی ‘ پروفیسر انجم حبیب وہرہ

منگل 3 فروری 2015 17:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03فروی 2015ء) پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر انجم حبیب وہرہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق صوبے میں ہیلتھ کے شعبے کی ترقی اور طبی میدان میں جدید تحقیق کو آگے بڑھانے کے لئے لاہور جنرل ہسپتال میں سٹیٹ آف دی آرٹ سنٹرل ریسرچ لیب قائم کی جائے گی جس سے پوسٹ گریجوایشن کرنے والے ڈاکٹرز کو طب کے میدان میں جدید ریسرچ سے آگاہی حاصل ہو گی اور انہیں ملکی و بین الاقوامی یونیورسٹیز میں ہونے والی تحقیق سے بھی استفادہ کرنے کا موقع میسر آئے گا، مذکورہ لیبارٹری کی تعمیر پر 20 کروڑ روپے خرچ ہوں گے ۔

پروفیسر ڈاکٹر انجم حبیب وہرہ نے کہا کہ جدید آلات سے لیس سنٹرل ریسرچ لیب کی سخت ضرورت ہے تا کہ پی جی ایم آئی میں اعلی تعلیم حاصل کرنے والے ڈاکٹرز اور محقق اپنے تحقیقی کام کو مزید فروغ دے سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سنٹرل لیب میں کام کرنے والے طلباء وطالبات کو ایک دوسرے کانالج اور تجربات شیئر کرنے کا موقع ملے گا ۔ پروفیسر ڈاکٹر انجم حبیب وہرہ نے بتایا کہ سنٹرل ریسرچ لیب کے قیام کے سلسلے میں محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات ، محکمہ خزانہ اور محکمہ صحت پنجاب کے اعلی حکام کے ساتھ میٹنگ میں اس مقصد کے لئے پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے جس پر کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی سی ون کی منظوری کے بعد فنڈز کی فراہمی کے لئے حکومت کو سمری ارسال کر دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :