سیکریٹری صحت آفتاب شاہوانی کا اسپیشل سیکریٹری خالد شیخ کے ہمراہ جیکب آباد آباد انسٹیٹوٹ آف میڈیکل سائنسز کا دورہ

منگل 3 فروری 2015 20:37

جیکب آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔3فروری۔2015ء) سیکریٹری صحت آفتاب شاہوانی نے اسپیشل سیکریٹری خالد شیخ کے ہمراہ جیکب آباد پہنچے اور جیکب آباد انسٹیٹوٹ آف میڈیکل سائنسز کا دورہ کیا ،اس موقع پر جمس کے ڈائریکٹر برگیڈئر(ر) ڈاکٹر محمد زبیر شیخ نے سیکریٹری صحت کو بریفنگ دی ، ڈاکٹر محمد زبیر شیخ نے بتایا کہ جمس میں اس وقت تک پانی، بجلی ،گیس کی سہولت دستیاب نہیں جس کے باعث جمس کو شروع کرنے میں روکاوٹیں ہیں اور نہ ہی اب تک جمس میں مکمل طبی آلات لگائے گئے ہیں ،آپ سے گذارش ہے کہ ہماری مدد فرمائیں تاکہ مارچ کے وسط میں یہ ادارہ عوام کی خدمات شروع کرسکے ،سیکریٹری صحت نے ڈائریکٹر جمس کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ،علاوہ ازیں سیکریٹری صحت نے سول ہسپتال جیکب آباد کا بھی دورہ کیا اور مختلف وارڈز میں جاکر مریضوں سے ملے ،اس موقع پر سول سرجن ڈاکٹر الطاف وگن نے سیکریٹری صحت کو ہسپتال میں بیڈز نہ ہونے ،ہسپتال کو اپ گریڈ کرنے اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی جس پر سیکریٹری صحت نے کہا کہ مریضوں کے بہتر علاج کے لیے ہر ممکن مدد کی جائے گی یہ ایک نیکی کا کام ہے اس میں سستی نہیں کریں گے ،اس موقع پر ڈاکٹر محمد ہاشم قریشی، ڈاکٹر وحید پٹھان و دیگر بھی موجود تھے۔