راولپنڈی،خواجہ عمران نذیر کے ڈی سی او ، ای ڈی او ہیلتھ، ڈسٹرکٹ آفیسرہیلتھ ہیڈ کوارٹرز اور محکمہ صحت کی ٹیم کے ہمراہ پرائیویٹ بلڈ بینکس پر چھاپے ،

خون کے نامکمل ریکارڈ، ہیپا ٹائٹس بی، سی، ایڈز، ملیریا اور دیگر مہلک امراض کے وائرس کی تصدیق نہ کرنے اور صفائی کے غیر تسلی بخش انتظامات پر بلال ہسپتال اور احمد میڈیکل کمپلیکس کے بلڈ بینکس سیل

منگل 3 فروری 2015 23:01

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔3فروری۔2015ء ) پنجاب کے پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر نے ڈی سی او راولپنڈی ساجد ظفر ڈال , ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر خالد رندھاوا , ڈسٹرکٹ آفیس رہیلتھ ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر لاڈلے حسن اور محکمہ صحت کی ٹیم کے ہمراہ منگل کے روز راولپنڈی کے پرائیویٹ بلڈ بینکس پر چھاپے مارکر خون کے حصول اور ترسیل کے نامکمل ریکارڈ , خون میں ہیپا ٹائٹس بی , سی , ایڈز , ملیریا اور دیگر مہلک امراض کے وائرس کی تصدیق نہ کرنے اور صفائی کے غیر تسلی بخش انتظامات پر راولپنڈی کے بلال ہسپتال اور احمد میڈیکل کمپلیکس کے بلڈ بینکس کوسیل (سربمہر ) کر دیا ہے خواجہ عمران نذیر نے اس موقع پر خبردار کیا کہ آلودہ خون بیچ کر جان لیوا مہلک امراض پھیلانے والوں کو قانون کے شکنجے میں جکڑا جائے گا ․ انہو ں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایا ت پر صوبے میں تمام غیر قانونی بلڈ بینکس کے خلاف بھرپور مہم شروع کر دی گئی ہے ․اور ان عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے جو منشیات کے عادی افراد اور مہلک جراثیم سے آلودہ خون فروخت کرنے کے دھندے میں ملوث ہیں․ انہو ں نے صادق آباد کے علاقے میں واقع بلال ہسپتال کے بلڈ بینک کا معائینہ کرتے ہوئے بلڈ بنک میں موجود ٹیکنیشن سے حکومت کے خون کے نمونوں کے حصول اور ان کے ٹیسٹ کے بارے میں دی گئی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کے بارے میں دریافت کیا جس پر کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا گیا ․ بلڈ بینک میں خون آلودہ بیڈ شیٹس اور خون لگانے سے پہلے اس کی ضروری جانچ پڑتال نہ کیئے جانے پر بھی صوبائی پارلیمانی سیکرٹری صحت نے برہمی کا اظہار کیا او رکہا کہ ناقص خون کے استعمال سے مریضوں کی زندگی خطرے میں ڈالی جا رہی ہے اور اس جرم کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف حکومتی مشینری حرکت میں آ گئی ہے اور قانونی کاروائی کے لیئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں ڈی سی او راولپنڈی ساجد ظفر ڈال نے بلال ہسپتال جیسے پرائیویٹ ہسپتال میں بھی صحت کے بنیادی اصولوں سے انحراف پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں غفلت برتنے والوں سے کوئی رعائیت نہیں کی جا سکتی ․ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر خالد رندھاوا نے خبردار کیا کہ تمام بلڈ بینکس کے اچانک معائینوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے والو ں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا․ بعد ازاں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر نے جھنڈا چیچی کے علاقے میں قائم خسرہ مرکز کا دورہ کیا ․ انہوں نے اس موقع پر بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کے لیئے جاری مہم کے دوران بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے بارے میں دریافت کیا ․ انہو ں نے ڈی سی اوساجد ظفر کے ہمراہ جھنڈا چیچی کے بعض گھرو ں میں جا کر بھی بچو ں کو خسرہ سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے کی تصدیق کی

متعلقہ عنوان :