پولیو ایک موذی مرض ہے جس کے خاتمے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے،چیف سیکرٹری بلوچستان

منگل 3 فروری 2015 23:05

لورالائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔3فروری۔2015ء) چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے کہا ہے کہ پولیو ایک موذی مرض ہے جس کے خاتمے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنی نسل کو معذوری سے محفوظ رکھتے ہوئے انہیں صحت مند مستقبل دے سکیں۔یہ بات انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس لورالائی میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں کمشنرژوب ڈویژن ڈاکٹر کاظم نیاز خان ، ریجنل پولیس آفیسر ژوب ڈویژن ذوالفقار علی لاڑک ڈپٹی کمشنر لورالائی شاہ زیب کاکڑ ایڈیشنل کمشنر طلحہٰ حسین فیصل ایڈیشنل سیکرٹری برائے چیف سیکرٹری زاہد سلیم ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ امیر سلطان، ڈپٹی کمشنر بارکھان عبدالمتین ، ڈی پی او محمد اعظم جمالی اے ڈی سی (ریونیو) محمد اسلم سومرو ، اے ڈی سی (جنرل) شیر شاہ غلزئی ، اسسٹنٹ کمشنر بوری طہٰ سلیم قریشی ، ڈی ایچ او لورالائی ڈاکٹر نصر اللہ غلزئی یونین کونسلوں کے ڈاکٹروں ، ایریا منیجرز اور لائن ڈیپارٹمنٹس کے مانیٹرز نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چیف سیکرٹری نے کہا کہ پولیو کے قطرے پلانے سے انکاری والدین کو پولیو ویکسین کی افادیت سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں اپنے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کی ترغیب دی جائے اور اگر وہ پھر بھی قائل نہیں ہوتے تو ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے اور ان کے بچوں کو زبردستی پولیو کے قطرے پلائے جائیں تاکہ ان پولیو کے انکاری والدین کی عاقبت نا اندیشی سے دیگر بچوں کو پولیو کا خطرہ لاحق نہ ہوسکے۔

انہوں نے پولیو مہم کے دوران عوامی تعاون کے حصول کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ چیف سیکرٹری نے ڈاکٹرز یو سی ایم اوز اور مانیٹرز کو بڑی دل جمعی ، تندہی اور ذمہ داری سے پولیو کی ڈیوٹی سر انجام دینے کی ہدایت کی ۔چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ ژوب ڈویژن کے عوام محب وطن باشعور اور پڑھے لکھے ہیں وہ ضرور پولیو کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ اُنہوں نے قبائلی معتبرین وعلماء کرام سے اپیل کی کہ وہ پولیو کے قطرے نہ پلانے والے والدین اور خاندانوں سے بات چیت کرکے اُنہیں پولیو کے قطرے پلانے پر آمادہ کریں چیف سیکرٹری کو صدر بوری کلی لاہور میختر اوریاگئی سرکل ون ٹو اور تھری ناصران مرتت کلاں پونگہ ویالہ دُکی اور دیگر مقامات کی کار گزاری رپورٹ پیش کی گئی جن کی کارکردگی کو درست اور کامیابی کی طرف گامزن قرار دیاگیا ۔

چیف سیکرٹری کو بتایا گیا کہ مندے ٹک دُکی اور دوسڑکہ پر ٹرانزٹ پوائنٹ قائم کئے جائیں گے اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری کو ڈویژن کے تمام حلقوں کے تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ تدریسی عمل کو جاری رکھنے کیلئے پر امن اور پر تحفظ ماحول کا قیام ناگزیر ہے لہذا تمام حلقوں کی انتظامیہ اور پولیس تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کو مزید بہتر اور مؤثر بنانے کیلئے اقدامات کرے۔ چیف سیکرٹری کو سیکورٹی کے انتظامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جس پر چیف سیکرٹری نے اطمینان کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر کمشنر ژوب ڈویژن نے ڈاکٹروں ، ڈپٹی کمشنرز صاحبان اور ڈی ایچ او کی محنت سے بھی آگاہ کیا جس کے باعث بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :