حمزہ شہباز کا چلڈرن ہسپتال کو مزید سہولیات فراہم کرنے کا اعلان ،صحت کی سہولیات کی فراہمی کو دہشتگردی کے بعد دوسرا بڑا چیلنج قرار دیدیا

بدھ 4 فروری 2015 16:58

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04فروی 2015ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکز ی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے چلڈرن ہسپتال لاہور کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے اعلان کرتے ہوئے ملک میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کو دہشت گردی کے بعد دوسرا بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صحت بھی دہشتگردی کی طرح ایک بڑا چیلنج ہے،کینسر کے مرض میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے، تحریک انصاف کا مزاج سمجھ سے بالاتر ہے ،عمران خان اسمبلیوں پراعتماد بھی نہیں کرتے اور دوسری جانب سینٹ انتخابات کے لیے تیاریاں بھی کررہے ہیں،سینٹ انتخابات میں حصہ لینا عمران خان کی پالیسی میں کھلا تضاد ہے ،دہشت گردی کیخلاف جنگ کو ملکر نہ لڑا تو آئندہ نسلوں کو بہت نقصان ہو گا ، دہشت گرد ہمارے گھروں تک گھس جائینگے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چلڈرن ہسپتال لاہور میں زیر علاج کینسر کے مریضوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حمزہ شہباز نے زیر علاج بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے ملک میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کو دہشت گردی کے بعد دوسرا بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں سب اچھا نہیں ہے ، صحت کا چیلنج بھی دہشت گردی کے چیلنج سے کم نہیں ہے ، ایم آر آی بہت بڑا چیلنج ہے ، چلڈرن ہسپتال میں کینسر سے متاثرہ 30بچے زیرعلاج ہیں۔

جبکہ 24کروڑ روپے کی لاگت سے مزید 30 بستروں پر مشتمل کینسر سے متاثرہ بچوں کے لیے بلاک حتمی مراحل میں ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا مزاج سمجھ سے بالاتر ہے ،میڈیا کو آئے تو مجھے ضرور بتائے ، ایک جانب تحریک انصاف پارلیمنٹ کو ”نوگو ایریا“ کہتی ہے اور دوسری جانب سینیٹ انتخابات کی تیاریاں ہو رہی ہیں ،خان صاحب روز اپنا بیان بدلتے رہتے ہیں۔

سینٹ الیکشن میں حصہ لینا عمران خان کی پالیسی میں کھلا تضاد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران احتجاج کی سیاست ترک کر کے پارلیمنٹ میں آئیں ، سڑکوں کی سیاست میں کبھی معاملات حل نہیں ہوا کرتے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ این اے 122کے تھیلے کھلے تو سب کچھ سامنے آ گیا، حکومت جوڈیشل کمیشن بنانے کو بھی تیار ہے ۔تحریک انصاف جمہوریت کا راستہ اپناتی ہے تو انہیں ویلکم کہیں گے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ آج ملک کو اتحاد کی ضرورت ہے ، قوم دہشت گردی کی جنگ جیتنا چاہتی ہے ، سیاسی اداروں کو ایک پیج پر ہونا چاہیے ،دہشتگردی کی جنگ کو آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر لڑنا ہے اور دھرتی کو اس ناسور سے پاک کرنا ہو گا، یہ جنگ ہم مل کر نہ لڑے تو آئندہ نسلوں کو بہت نقصان ہو گااور دہشت گرد ہمارے گھروں تک میں گھس جائیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ سابق گورنر کے پاس کچھ ہے تو ثبوت کے ساتھ آئیں ۔

متعلقہ عنوان :