لاہور میں آئندہ سال کینسر ہسپتال کی تعمیر کا منصوبہ شروع کر دیا جائے گا‘ خواجہ سلمان رفیق ،

20 ایکڑ زمین مختص ،وزیراعلی پنجاب نے بلڈ کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کا پراجیکٹ شروع کیا، اگلے چار ماہ میں ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز فراہم کر دئیے جائیں گے‘ مشیر صحت کا تقریب سے خطاب

بدھ 4 فروری 2015 20:18

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04فروی 2015ء) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ لاہور میں آئندہ سال کینسر ہسپتال کی تعمیر کے منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے گا جس کے لئے وزیراعلی محمد شہباز شریف نے 20 ایکڑ زمین نالج پارک سے ملحقہ بیدیاں روڈ پر مختص کر دی ہے،گزشتہ سال محکمہ صحت نے نوارٹس کے تعاون سے خون کے سرطان میں مبتلا مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے پراجیکٹ کا آغاز کیا تھا اور وزیراعلی محمد شہباز شریف کی موجودگی میں ایک معاہدہ پر دستخط کئے گئے تھے جس کے تحت اس وقت 18 سو رجسٹرڈ مریضوں کو کینسر کی قیمتی ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں ۔

انہوں نے یہ بات ورلڈ کینسر ڈے کے موقع پر پنجاب میں خون کے سرطان کے مریضوں کے مفت علاج کے لئے شروع کئے گئے پراجیکٹ کی کامیابی کا سال مکمل ہونے پر ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

تقریب میں سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک ، کرانک مالائیڈ لکیومیا پراجیکٹ کے فوکل پرسن اور علامہ اقبال میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفسیر محمود شوکت ، نووارٹس فارما کے شفیق احمد ،پروفیسر اعجاز شاہ ، پروفیسر اکرم ، فارما سوئیٹکل کمپنی کے نمائندوں ، طبی ماہرین ، ڈاکٹر ز اور سرطان کے زیر علاج مریضوں نے بھی شرکت کی ۔

پروفیسر محمود شوکت نے پراجیکٹ کی کامیابی کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب سی ایم ایل پراجیکٹ کے تحت خون کے سرطان میں مبتلا 18 سو مریضوں کو رجسٹرڈ کر کے ان کو کینسر کی ادویات بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہیں جو ان مریضوں کو ماہانہ بنیاد پر فراہم کی جاتی ہیں جس کے لئے پورے صو بے کے تمام اضلاع سے مریض رجسٹرڈ کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تمام نظام انتہائی شفاف اور کمپیوٹرائزڈ ہے اور مریضوں کو مخصوص کارڈ فراہم کئے گئے ہیں ۔

پروفیسر محمود شوکت نے کہا کہ اس پراجیکٹ کے شروع کرنے کے بعد خون کے سرطان کے مریضوں کا Survival ریٹ بڑھ گیا ہے۔ اس پراجیکٹ کے تحت اربوں روپے کی ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں جس میں حکومت پنجاب کو نوارٹس فارما کا مالی تعاون حاصل ہے ۔ فارما سوئیٹکل کمپنی کے نمائندے شفیق احمد نے کہا کہ انکا ادارہ دنیا بھر میں ہر سال غریب مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی پر اربوں ڈالرز خرچ کر رہا ہے اور کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹیز کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہا ہے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری صحت جوادو رفیق ملک نے کہا کہ کینسر کے مریضوں کا علاج انتہائی مہنگا اور پیچیدہ ہوتا ہے اور نوارٹس فارما نے انتہائی نازک فیلڈ کا انتخاب کر کے ایک روشن مثال قائم کی ہے ۔جواد رفیق ملک نے کہا کہ حکومت کا ارادہ ہے کہ سی ایم ایل پراجیکٹ کے تحت رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد کو دوگنا کر دیا جائے ۔ انہوں نے محکمہ صحت پنجاب کے ٹیکنیکل ونگ ، پراجیکٹ کے فوکل پرسن پروفیسر محمود شوکت اور نوارٹس فارما کو یہ پراجیکٹ انتہائی منظم اور احسن طریقہ پر چلانے اور خون کے سرطان کے مریضوں کو سہولیات کی فراہمی میں خدمات سرانجام دینے پر ان کی تعریف کی اور کوششوں کو سراہا ۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور میں کینسر ہسپتال کی تعمیر کے منصوبے کا پی سی II منظور ہو چکا ہے جبکہ نئے سال میں پی سی ون منظور کر لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت سوشل سیکٹر کا 80 فیصد ہے جبکہ صحت کا شعبہ زیادہ حساس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ، سوشل سیکٹر اور سیاسی قیادت کا ایک ہی ارادہ اور عزم ہے اور وہ عام آدمی کی فلاح ہے جس کے لئے مزید مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔

مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت ہیلتھ سیکٹر کی ڈویلپمنٹ کے لئے بیک وقت کئی پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے اور بیماریوں کی روک تھام کے ساتھ ساتھ پرائمری اور سکینڈری ہیلتھ کیئر پر توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 120 دنوں کے اندر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز مہیا کرنے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے اور خواتین کو 24/7 پراجیکٹ کے تحت 150 بنیادی مراکز صحت پر 24 گھنٹے لیبر روم کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جس کا دائرہ کار آئندہ سال میں 650 بنیادی مراکز صحت تک بڑھا دیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :