مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں ‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن،

وسائل کی ری جنریشن کے ذریعے سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولتیں مہیاکی جارہی ہیں

جمعرات 5 فروری 2015 20:44

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5فروری2015ء) وزیرایکسائز و ٹیکسیشن، خزانہ و قانون پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہاہے کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حق خود ارادیت دے کر مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ کے لئے حل کیا جاسکتا ہے اور اسی میں خطے میں پائیدار امن ممکن ہے، حکومت پاکستان نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں کشمیری عوام کے حقوق کے لئے ملکی اور عالمی سطح پر واضح موقف اختیار کیا ہے اور پاکستانی عوام و حکومت کشمیریوں کو ان کا منصفانہ حق دینے کے موقف پر قائم ہے۔

مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ملینیم ڈویلپمنٹ اہداف حاصل کرنے کے لئے 2ارب روپے فراہم کئے اور صحت و تعلیم کے محکموں کو خصوصی طور پر اضافی بجٹ فراہم کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوزائیدہ بچوں کوادویات وطبی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کے لیے 1.80۔ارب رو پے کے فنڈز فراہم کئے جبکہ صوبہ میں بچوں کے نئے تین ہسپتال قائم کرنے کے لئے12ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے جائیں گے اور متعدی امراض کے کنٹرول کے لیے 2۔ا رب روپے اضافی مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ4ارب روپے سے ہیلتھ انشورنس کارڈ سکیم شروع کی جارہی ہے جس کی بدولت کم آمدنی والے افراد سرکاری ہسپتالوں کے علاوہ بہترین نجی طبی اداروں میں بھی علاج کی مفت سہولت حاصل کر سکیں۔