مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا ،جما عت اہلسنّت،

پاکستان اور کشمیر ایک وجود کے دونام ہیں،یکجہتی کشمیر سمینارسے حنیف طیب،عبد الرحمان بخاری،حسین لاکھانی کا خطاب

جمعرات 5 فروری 2015 20:44

کر اچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5فروری2015ء) جما عت اہلسنّت پاکستان سپریم کونسل کے رکن حاجی حنیف طیب نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا ۔ بھارتی فوج کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر میں مسلسل عوام کا استحصال کیا جارہا ہے ،انسانی حقوق کے علمبردار اور عالمی برادری کشمیر ی عوام کو بھارتی ظلم سے نجات دلانے کے بجائے خاموش تماشائی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جما عت اہلسنّت میں منعقدہ ”یکجہتی کشمیر سمینار“سے خطاب میں کیا ۔شرکاء سے پروفیسر عبد الر حمان بخا ری،صوفی حسین لاکھانی،مولانا ناصر خان ترابی،عرفان مصطفی قادری نے بھی خطاب کیا۔پروفیسر عبد الر حمان بخا ری نے اظہار خیال میں کہا کہ مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کا اولین تقاضا ہے کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیر کے مسئلے کا منصفانہ حل نکالا جائے ۔

(جاری ہے)

کشمیری عوام پر انڈین فورسز کے مظالم سے دنیا کو آگاہ کیا جائے تاکہ بھارتی مکروہ چہرہ بے نقاب ہو سکے۔صوفی حسین لاکھانی نے تحریک آزادی کشمیر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کشمیر ایک وجود کے دونام ہیں ،بھارت اپنی ہٹ دھرمی چھوڑے اور مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ ختم کر کے کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دے۔ بھارت سے تجارت اور پسندیدہ ملک قرار دینے میں کوئی فائدہ نظر نہیں آ رہا ۔

مولانا ناصر خان ،عرفان مصطفی نے کہا کہ سال میں صرف ایک دن منانے سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا حق ادا نہیں ہوتا ،حکومت پاکستان دوٹوک انداز میں بھارت کو بتا دے کہ وہ ظلم و ستم سے باز آ جائے اور یہ بھی واضح کرادے کہ پاکستان نے ایٹم بم سجا کر رکھنے کیلئے نہیں بنایا۔ اس موقع پر مولانا عامر اخلاق شامی،غفران احمد،عاطف حنیف بلو،مولانا ریاض الدین،ارشد عقیل ،سید رفیق شاہ،مولانا شوکت چشتی، مولانا سعید قاسمی ،مفتی بلال قادری،آصف قادری ،ارشادعلی خان ،شکیل غزالی،یوسف خلیل ،بلال ترابی و دیگر بھی موجود تھے۔