الخدمت فاؤنڈیشن نے سیلاب متاثرین کیلئے 20 لاکھ روپے مالیت کی ادویات اور اشیائے خوردونوش روانہ کر دیں

بدھ 18 جولائی 2007 14:01

لاہور (اردوپوانئٹ اخبار تازہ ترین18 جولائی2007) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے بلوچستان اور سندھ کے شدید متاثرہ علاقوں کے لئے 20لاکھ روپے مالیت کی ادویات کی دوسری کھیپ روانہ کر دی گئی ہے جبکہ متاثرین کی بحالی اور امداد کے لئے الخدمت پنجاب کی جانب سے 25 ہزار خیمے‘ 5 ٹرک راشن جس میں آٹا‘ چاول‘ گھی ‘ چائے کی پتی‘ نمک ‘ مرچ شامل ہیں روانہ کر دیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر لیاقت بلوچ رسید احسان اللہ وقاص سیکرٹری جنرل ‘ الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب کے صدر سید راشد داؤد نے امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے ہزاروں رضاکار سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں لیکن کئی ہفتے گزر جانے کے باوجود سینکڑوں ایسے دیہات بھی ہیں جن کا زمینی راستہ اب تک بحال نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے متاثرہ علاقوں تک رسائی ناممکن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کو سنگین حالات سے دوچار کر رکھا ہے اور متاثرین کی بحالی اور امدادی کارروائیوں کی طرف حکومت کی توجہ بالکل بھی نہیں ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے متاثرین کو مصیبت کی اس گھڑی میں تنہا چھوڑنا موجودہ حکومت کو زیب نہیں دیتا۔ لہٰذا ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت سیاسی حالات خراب کروانے کی بجائے متاثرہ علاقوں کی طرف خصوصی توجہ دے۔

انہوں نے کہا کہ عوام اور میڈیا مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین کی مدد کریں۔ انہوں نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے متاثرہ علاقوں میں 50 سے زائد ریلیف کیمپ قائم کر رکھے ہیں جن میں کوئٹہ ‘ تربت‘ خاران‘ خضدار ‘ جعفر آباد‘ گوادر نوشکی‘ سبی ‘ ہرنائی‘ چاغی‘ کراچی‘ شہداد کوٹ‘ نواب شاہ‘ سکرنڈ‘ ٹھٹھہ ‘ بدین‘ دادو‘ لاڑکانہ‘ قنبر ‘ لنڈی کوتل‘ چترال‘ کرک اور دیگر ساحلی علاقے بھی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :