لاہور ڈویژن کے 32 ہسپتالوں کیلئے ساڑھے چھ کروڑ ، 22 ووکیشنل اداروں کیلئے سوا 8 کروڑ کے چیک تقسیم ،

مستحق طلبا و طالبات کو ہنر مند بنانے اور مریضوں کو ریلیف دینا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ وزیر اکوة و عشر ملک ندیم کامران

جمعہ 6 فروری 2015 20:47

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06فروی 2015ء) صوبائی وزیر زکوة و عشر ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ مستحقین کے علاج معالجہ اور انہیں مفت ادویات کی فراہمی اور مستحق طلبا و طالبات کو ہنر مند بنا کر انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وہ اس ضمن میں وضع کردہ جامع حکمت عملی کے تحت انہیں ہر ممکن ریلیف دینے کی پوری کوشش کر رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار ملک ندیم کامران نے قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ میں واقع پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے ہیڈ آفس میں ہسپتالوں کے ایم ایس اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے پرنسپل صاحبان کو امدادی رقوم کے چیک دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر صوبائی وزیر بہبود آبادی ذکیہ شاہنواز ، صبا صادق ، پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد ارشد ، سیکرٹری زکوة و عشر حبیب الرحمن گیلانی ، ایڈ منسٹریٹر زکوة پنجاب محمد یوسف بٹ اور چیئر مین پی وی ٹی سی فیصل اعجاز خان کے علاوہ ہسپتالوں کے ایم ایس اور ٹریننگ سنٹرز کے پرنسپل صاحبان بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

تقریب کے دوران صوبائی وزیر ملک ندیم کامران نے لاہور ڈویژن کے صوبائی سطح کے 19 ،ضلعی سطح کے 9 اور تحصیل سطح کے 4 ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو مستحقین کے علاج و معالجہ اور مفت ادویات کی فراہمی کے لئے 6 کروڑ 68 لاکھ روپے کی امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے جبکہ لاہور ڈویژن کے 22 ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس کو 8 کروڑ 24 لاکھ 5 ہزار روپے کے چیک تقسیم کئے ۔

صوبائی وزیر ملک ندیم کانرام نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں کے ایم ایس اور ٹریننگ سنٹرز کے پرنسپل صاحبان کو بلا کر امدادی رقوم کے چیک تقسیم کرنے کا بنیادی مقصد انہیں ذاتی طو رپر بریفننگ دینا اور انہیں مستحقین کے مسائل سے آگاہ کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام ایسے ہسپتالوں جنہیں محکمہ کی طرف سے امدادی رقوم دی جاتی ہیں کہ اچانک دورے بھی کریں گے تاکہ اس امر کا جائزہ لیا جا سکے کہ ہسپتالوں میں مستحقین کی مدد پر مامور ٹیمیں احسن طریقے سے اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ علاج معالجہ کے لئے آنے والے مستحقین سے عزت سے پیش آیا جائے تاکہ ان کی عزت نفس مجروح نہ ہو اور انہیں یہ احساس نہ ہو کہ وہ زکواة کی امدادی رقوم سے علاج کروا رہے ہیں ۔ ملک ندیم کامران نے کہا کہ پنجاب حکومت مستحقین کی مستقل بحالی سکیم کا بھی اجرا کر رہی ہے تاکہ وہ چھوٹا موٹا کاروبار شروع کر کے اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکیں اور وہ زکوة لینے کی بجائے زکوة دینے والے بن جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ عوام آگہی کے لئے زکوة بروشر کا اجراء ، اخبارات میں تشہیری مہم نئی ویب سائیٹ کا قیام ، تقریبات کا انعقاد ،فیس بک ، ٹی وی پروگراموں کا انعقاد اور سالانہ رپورٹ کے اجراء کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی زکوة فنڈ سے صوبائی سطح کے 39 ہسپتالوں کو فنڈز جاری کئے جاتے رہے ہیں مگر اس سال سے اس کی تعداد میں 5 نئے ہسپتالوں کا اضافہ کیا جا رہا ہے جس میں گھرکی ٹرسٹ ہسپتال ، نورین نشاط ویلفیئر ہسپتال ، مغل آئی ہسپتال ، لٹن رحمت آئی ہسپتال اور شیخ زائد ہسپتال لاہور کے پوسٹ کڈنی ٹرانسپلانٹ سنٹر شامل کئے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :