بنیادی مرکز صحت جاتلاں میں تعینات ڈسپنسر کو تبدیل کرنے کا مطالبہ

بدھ 18 جولائی 2007 20:48

میرپور (اردوپوانئٹ اخبار تازہ ترین18 جولائی2007) کشمیر انٹرنیشنل ریلیف فنڈ کے جنرل سیکرٹری راجہ محمد آصف رٹھوعی ‘ جوائنٹ سیکرٹری خواجہ طاہر رشید‘ فنانس سیکرٹری ابرار اختر چوہدری اور پریس سیکرٹری شکور احمد مغل نے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان اور وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ بنیادی مرکز صحت جاتلاں میں تعینات خود ساختہ ڈاکٹر محمد جاوید کو فوری طور پر وہاں سے تبدیل کیا جائے اور بنیادی مرکز صحت میں کوالیفائیڈ ڈاکٹر تعینات کیا جائے۔

ڈسپنسر جاوید کافی عرصہ سے جاتلاں میں تعینات ہے اور وہ سازش کر کے کسی ڈاکٹر کو وہاں کام کرنے نہیں دیتا۔ بدھ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ بنیادی مرکز صحت کے ملازمین کو ڈرا دھمکا کر انہیں اس بات پر مجبور کیا گیا کہ وہ اپنے ہمراہ رشتہ داروں کو لے کر بنیادی مرکز صحت میں جمع ہوں تاکہ کشمیر انٹرنیشنل ریلیف فنڈ کے زیرانتظام کمیونٹی ہسپتال جاتلاں کے خلاف مظاہرہ کیا جائے اس طرح بددیانت اہلکار نے عوام علاقہ کے نام پر ڈرامہ کرتے ہوئے ہسپتال میں ہلز بازی کی اور ڈاکٹروں سمیت دیگر عملہ کو کام کرنے سے روکے رکھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امر پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ تنظیم ہر ماہ لاکھوں روپے اپنے فنڈز سے خرچ کر کے غریب و مستحق لوگوں کو مفت علاج معالجہ کی سہولت بہم پہنچا رہی ہے جبکہ امیر لوگوں سے انتہائی مناسب چارجز وصول کئے جاتے ہیں اس کے باوجود ہر ماہ لاکھوں روپے اضافی اخراجات تنظیم برداشت کر رہی ہے۔