جنرل ہسپتال میں مزید 86ہیڈنرسوں کی تعیناتی، تعداد 119 ہوگئی

وزیراعلی نے 1986 ء سے 1993 ء کے دوران بھرتی چارج نرسز کو گریڈ 17میں ترقی دینے کا وعدہ پورا کردیا صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں مریضوں کی تیمارداری، دیکھ بھال اور علاج معالجے کا معیار مزید بہترہوگا‘ پرنسپل پی جی ایم آئی

اتوار 8 فروری 2015 15:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 8فروری 2015ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے محکمہ صحت پنجاب نے صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں 1986ء سے 1993 کے دوران بھرتی ہونے والی 1211 چارج نرسزکی گریڈ 17میں ہیڈ نرس کے عہدے پر ترقی کے بعد لاہور جنرل ہسپتال میں ان میں سے 86ہیڈ نرسوں کی تعیناتی کردی ہے۔ قبل ازیں ایل جی ایچ میں 33 ہیڈ نرسیں فرائض سرانجام دے رہی تھیں اس طرح اب ہسپتال میں ہیڈ نرسوں کی مجموعی تعداد 119ہوگئی ہے۔

پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے اس بارے میں بتایا کہ پاکستان کی طبی تاریخ میں پہلی دفعہ نرسوں کی اتنی بڑی تعداد کو گریڈ 17میں ترقی دے کر ہیڈ نرس بنایا گیا ہے جس پر وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف بجا طورپر مبارک کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلی نے طویل عرصے سے بطور چارج نرسز کام کرنے والی ان نرسوں کو ان کا بنیادی حق دے کر اپنے آپ کو صحیح معنوں میں شعبہ صحت کا محسن ثابت کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے اس فیصلے سے صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں مریضوں کی تیمارداری، دیکھ بھال اور علاج معالجے کا معیار یقینا بہتر ہوگا۔پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے مزید کہا کہ جنرل ہسپتال میں نئی تعینات ہونے والی 86ہیڈ نرسوں کو ہسپتال کی تینوں شفٹوں میں برابر کی ذمہ داریاں دی جائیں گی تاکہ ہسپتال کے تمام شعبوں میں وارڈ کی مینجمنٹ کا معیار یکساں طور پر بلند ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ نرسوں کے دیرینہ مطالبہ کی منظوری کے بعد اب ان کا فرض بنتا ہے کہ پہلے سے زیادہ توجہ انہماک اور ذمہ داری سے دکھی انسانیت کی خدمت کا مقدس فریضہ سرانجام دیں اور اپنے اداروں کی نیک نامی کا باعث بنیں۔ پرنسپل ایل جی ایچ نے کہاکہ نرسیں ہیلتھ ڈلیوری سسٹم میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، نرسوں کے طبقے کو وزیراعلی اور مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ذہنی اور مالی طور پر مطمئن کرکے نرسوں پر ہی نہیں بلکہ ان مریضوں اور لواحقین سے بھی نیکی کی ہے جو ہسپتالوں میں نرسوں کے حسن سلوک اور توجہ کے منتظر اور مستحق ہیں۔