بازل علی نقوی کی علامہ اقبال کے مزار پر حاضری‘ پھول چڑھائے اور فاتحہ پڑھی

وزیر اطلاعات کی صمصام علی بخاری سے ملاقات ‘ مسئلہ کشمیر سمیت سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

اتوار 8 فروری 2015 15:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 8فروری 2015ء) وزیر اطلاعات ،زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی نے مفکر پاکستان حضرت علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی ،پھول چڑھائے اور فاتحہ پڑھی ۔وزیر اطلاعات نے عظیم فلسفی شاعر کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوے ان کے درجات کی سربلندی کے لیے دعا کی ۔دریں اثناء پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء سید صمصام علی بخاری سے ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں نے مسئلہ کشمیر،سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر سید صمصام علی بخاری نے وزیر اطلاعات سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کے لیے پوری طرح متحرک ہے۔ شریک چئیرمیین آصف علی زرداری آزادکشمیر کی ترقی اور لوگوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام جس عزم ،دلیری اور یکجہتی کے ساتھ بھارتی افواج کے مظالم کا سامنا کر رہے ہیں وہ لائق تحسین ہے۔

انہوں نے کہا شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو کشمیری عوام سے بے حد محبت تھی اسی لیے قائد عوام نے پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی۔اقوام متحدہ سے لے کر تمام عالمی فورموں میں مسئلہ کشمیر پر قائد عوام کی تقاریر آج تک ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی محور ہیں ا ور اس وقت بھی عالمی فورموں پر مسئلہ کشمیر پر اپنے موقف کو واضح کرنے کے لیے ہمیں ان تقاریر سے رہنمائی لینا پڑتی ہے۔

سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ کشمیری عوام نے آصف علی زرداری کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہارکیا۔ انہوں نے حکومت آزادکشمیر کی طرف سے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھرپور اقدامات کو سراہااور کہاکہ کشمیری عوام کے لیے ترقی کا عمل بھرپور انداز سے جاری رہے گا۔ وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی نے کہا کہ آصف علی زرداری ا،بلاول بھٹو زرداری اور محترمہ فریال تالپور کی قیادت میں عوامی حکومت آزادکشمیر میں پوری طرح سے سرگرم ہے۔

لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کشمیری عوام کو 3 میڈیکل کالجوں کا تحفہ دیا جن میں اس وقت تعلیمی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی درستگی کے لیے واضح روڈ میپ متعین کر دیا ہے۔ سید بازل علی نقوی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے افکار ہمارے رہنما اصول ہیں جن پر چل کر نہ صرف کشمیری عوام بھارت سے آزادی حاصل کر کے الحاق پاکستان کی دائمی منزل حاصل کریں گے بلکہ اس خطے میں امن وآشتی کے لیے اپنا بھرپور کردار اد ا کرتے رہیں گے۔