پنجاب میں 4ارب روپے سے ہیلتھ انشورنس کارڈ سکیم شروع کی جارہی ہے ‘ سید ہارون احمد سلطان بخاری

پیر 9 فروری 2015 16:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09فروی 2015ء) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سید ہارون احمد سلطان بخاری نے کہا کہ پنجاب میں 4ارب روپے سے ہیلتھ انشورنس کارڈ سکیم شروع کی جارہی ہے جس کی بدولت کم آمدنی والے افراد سرکاری ہسپتالوں کے علاوہ بہترین نجی طبی اداروں میں بھی علاج کی مفت سہولت حاصل کر سکیں، کم وسیلہ افراد کو صحت کی معیاری سہولیات و ادویات کی بلا معاوضہ فراہمی کے لئے8ارب 75 کروڑ روپے ، گردے کے مریضوں کے لئے ڈائلسز کی سہولت برقرار رکھی گئی ہے جس کے لئے 60 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں،ترقی پذیر اضلاع خصوصا جنوبی پنجاب کے علاقوں کے لئے موبائل ہیلتھ یونٹس فراہم کئے جائیں گے جس کے لئے ایک ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔

انہوں ڈاکٹرز کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز و ویزیٹرز اور پیرامیڈکس کے کردار کو مزیدفعال بنایا جائے گا کیونکہ ہر 10 ہزار ماؤں میں سے 500 مائیں دوران زچگی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں،اسی طرح 1000 بچوں میں سے 77 بچے دوران پیدائش وفات پا جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ماں اور بچوں خصوصاً نوزائیدگان کی صحت اور انہیں جدید طبی سہولتیں دینے کے لئے مختلف ڈونر اداروں کے تعاون سے کئی منصوبوں کا آغاز کیا ہے اور ان پراجیکٹس کے مراکز میں ڈاکٹرز سمیت دیگر طبی عملہ کی تعیناتی‘ برتھ کٹس ‘ طبی آلات اور ضروری ادویات کی فراہمی کویقینی بنایا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہاہے کہ صوبائی حکومت نے ملینیم ڈویلپمنٹ اہداف حاصل کرنے کے لئے 2ارب روپے فراہم کئے اور صحت و تعلیم کے محکموں کو خصوصی طور پر اضافی بجٹ فراہم کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ نوزائیدہ بچوں کوادویات وطبی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کے لیے 1.80۔ارب رو پے کے فنڈز فراہم کئے جبکہ صوبہ میں بچوں کے نئے تین ہسپتال قائم کرنے کے لئے12ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے جائیں گے اور متعدی امراض کے کنٹرول کے لیے 2۔ا رب روپے اضافی مختص کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :