تعلیم، صحت، امن عامہ اور دیگر سماجی شعبوں میں بہتری لانے کیلئے ضروری اصلاحات کی جا رہی ہیں، رانا محمد ارشد

پیر 9 فروری 2015 21:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری 2015ء ) پنجاب کے پارلیمانی سیکرٹری برائے انفرمیشن کلچر رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ تعلیم، صحت، امن عامہ اور دیگر سماجی شعبوں میں بہتری لانے کیلئے ضروری اصلاحات کی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں میسر آ سکیں۔ عوام کو خدمات کی بہترین فراہمی کیلئے چیک اینڈ بیلنس کا موثر نظام انتہائی ضروری ہے، یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت محکموں اور اداروں میں جزا اور سزا کا نظام متعارف کرا رہی ہے جس کا بنیادی مقصد اچھی کارکردگی دکھانے والے افسروں اور عملے کی حوصلہ افزائی جبکہ خراب کارکردگی دکھانے والے افسروں اور عملے کی بازپرس کرنا ہے۔

یہاں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، امن عامہ اور دیگر سماجی شعبوں کے حوالے سے صوبائی اور ضلع کی سطح پر اہداف کا تعین کیا گیا ہے اور ان اہداف کے حصول کیلئے متعلقہ اداروں اور محکموں کو انتہائی فعال اور متحرک کردار ادا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

تعلیم اور صحت دو ایسے شعبے ہیں جن کا براہ راست تعلق عوام سے ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ ان دونوں شعبوں میں بہتری لانے کیلئے مقرر کردہ اہداف کو ہر صورت حاصل کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، امن عامہ اور دیگر سماجی شعبوں کے حوالے سے جو ضلع اچھی کارکردگی دکھائے گا وہاں کے متعلقہ انتظامی افسران اور عملے کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ خراب کارکردگی پر بازپرس اور احتساب ہوگا کیونکہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کرنا ہوگا اور نتائج دکھانا ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :